امریکا کی وینزویلا میں ایک اور ہائی پروفائل ٹارگٹ پر نظر
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے وینزویلا کے سخت گیر وزیر داخلہ دیوسدادو کیبیو کو خبردار کیا ہے کہ اگر وہ عبوری صدر ڈیلسی روڈریگِز کے ساتھ امریکی مطالبات پورے کرنے اور ملک میں امن قائم رکھنے میں تعاون نہیں کریں گے تو وہ خود کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ کیبیو، جو سیکیورٹی فورسز کے کنٹرول میں ہیں اور جن پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزامات ہیں، صدر ٹرمپ کی عبوری حکومت کے منصوبے کے خلاف کردار ادا کرنے والے چند اہم افراد میں شامل ہیں۔
امریکی حکام کو خدشہ ہے کہ کیبیو اپنی ماضی کی ستم ظریفی اور روڈریگِز کے ساتھ موجودہ مخالفت کی وجہ سے کسی بھی وقت رکاوٹ بن سکتے ہیں۔ اس لیے وہ ان کے تعاون کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، جبکہ مستقبل میں انہیں عہدے سے ہٹانے اور جلاوطن کرنے کے طریقے بھی زیر غور ہیں۔
ذرائع کے مطابق کیبیو کے خلاف کوئی اقدام کرنے پر حکومت نواز موٹرسائیکل گروپس یا پرو گورنمنٹ ہجوم سڑکوں پر نکل سکتے ہیں، جس سے واشنگٹن کی خواہش کے برعکس ملک میں انتشار پھیل سکتا ہے۔
اسی طرح وزیرِ دفاع ولادیمیر پادرینو بھی امریکا کے نشانے پر ہیں اور ان کی گرفتاری پر بھی چند ملین ڈالر انعام کا اعلان کیا گیا ہے۔
امریکی حکام سمجھتے ہیں کہ پادرینو کے تعاون سے مسلح افواج کے کنٹرول پر استحکام رہ سکتا ہے اور وہ کیبیو کی نسبت امریکی حکمت عملی کے ساتھ زیادہ ہم آہنگ ہو سکتے ہیں۔
ٹرمپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ وینزویلا میں قانونی اور انتظامی سطح پر زیادہ سے زیادہ اثر و رسوخ ڈالنا چاہتی ہے تاکہ غیر قانونی مہاجرت روکی جائے، منشیات کی تجارت بند ہو، تیل کی صنعت میں امریکی کمپنیوں کے لیے مواقع پیدا ہوں اور وینزویلا کے عوام کے مفاد میں اقدامات کیے جائیں۔
واشنگٹن نے فیصلہ کیا ہے کہ موجودہ عبوری دور میں نکولس مادورو کے وفادار اعلیٰ حکام کو عبوری قیادت کے طور پر قائم رکھنے سے ملک میں انتشار سے بچا جا سکتا ہے اور امریکی تیل کمپنیوں کے لیے وسائل تک رسائی ممکن ہو سکے گی۔ تاہم امریکی حکام نے کہا ہے کہ وہ مستقبل میں نئے انتخابات کے انعقاد کی طرف بھی دیکھنا چاہتے ہیں، اگرچہ اس کا وقت ابھی غیر یقینی ہے۔
ابھی کے لیے عبوری صدر ڈیلسی روڈریگِز کو امریکی حکمت عملی کا مرکزی ستون سمجھا جا رہا ہے۔
واشنگٹن کو امید ہے کہ وہ عبوری حکومت کے دوران تیل کی صنعت کھولنے، منشیات کی تجارت پر قابو پانے، کیوبا کے سیکیورٹی اہلکاروں کو نکالنے اور ایران کے ساتھ وینزویلا کے تعاون کو ختم کرنے میں مدد کریں گی۔
امریکی حکام نے یہ بھی کہا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو روڈریگِز کے بیرون ملک اثاثے جو قطر میں محفوظ ہیں، انہیں بھی قبضے میں لیا جاسکتا ہے تاکہ دباؤ بڑھایا جا سکے۔
کیبیو اور دیگر اعلیٰ حکام کی سیاسی اور عسکری قوت کی وجہ سے ان کا تعاون ضروری ہے، جبکہ امریکی حکمت عملی میں یہ واضح ہے کہ وہ بغیر امریکی فورسز کے وینزویلا پر اثر ڈالنا چاہتے ہیں۔ امریکی حکام نے بتایا کہ روڈریگِز عبوری حکومت میں تکنیکی اور عملی اقدامات میں تعاون کرنے کے لیے زیادہ موزوں ہیں، جبکہ کیبیو اور دیگر مادورو کے وفاداروں کا مستقبل ابھی غیر یقینی ہے۔
















