پاکستان اور سری لنکا کا دوسرا ٹی 20 میچ بارش کے باعث منسوخ

مسلسل بارش اور آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کی وجہ سے ٹاس بھی نہیں ہوسکا
شائع 09 جنوری 2026 08:39pm

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جانے والا دوسرا ٹی 20 میچ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا ہے۔

میزبان سری لنکا اور پاکستان کے درمیان 3 میچز پر مشتمل سیریز کا دوسرا ٹی 20 آج دمبولا میں کھیلا جانا تھا اور میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 6 بجے شروع ہونا تھا۔

دمبولا میں مسلسل بارش کی وجہ سے پچ کو کور سے ڈھانپ دیا گیا اور آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کی وجہ سے ٹاس بھی وقت پر نہیں ہوسکا تھا۔ بارش کے باعث ابتدا میں ٹاس ملتوی کیا گیا اور بعد میں ریفری نے کھیل ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے پہلے ٹی 20 میں سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی، گرین شرٹس کو 3 میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے۔

دمبولا میں کھیلے گئے پہلے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے سری لنکا کی جانب سے دیا جانے والا 129 رنز کا ہدف 16.4 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا تھا، شاداب خان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔

صاحبزادہ فرحان نے 36 گیندوں پر 51 رنز بنائے، ان کی اننگ میں چار چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ سری لنکا کی جانب سے مہیش تھکشانا اور وینندو ہسارنگا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی 11 جنوری بروز اتوار کو دمبولا میں ہی کھیلا جائے گا۔

t20 series

Srilanka

t20 cricket

pakistan vs sri lanka

Pak vs SL

match called off

due to rain

dambulla rain