اسلام آباد: گیس سلینڈر دھماکے میں دولہا دُلہن سمیت ہلاکتیں 8 ہوگئیں
اسلام آباد کے سیکٹر جی سیون ٹو میں گیس سلینڈر کے دھماکے کے نتیجے میں آٹھ افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔
اسلام آباد کے سیکٹر جی سیون ٹو میں گیس سلنڈر کے دھماکے نے شہر کو ہلا کر رکھ دیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکا ایک گھر میں گیس لیکج کے باعث ہوا، جہاں دیا سلائی جلانے سے اچانک سلینڈر پھٹ گیا۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ تین رہائشی گھر مکمل طور پر منہدم ہو گئے جبکہ آس پاس کے مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔
ریسکیو اور ایمرجنسی سروسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملبے سے 16 افراد کو نکالا، جن میں سے 11 زخمی تھے اور انہیں فوری طور پر پاکستان ایڈوانسڈ میڈیکل اسپتال منتقل کیا گیا۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق حادثے میں ابتدائی طور پر دولہا شیری اور دلہن نایاب سمیت چھ افراد جاں بحق ہوئے۔ جبکہ زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی تھی۔ بعدازاں زخمیوں میں سے دو مزید جاں بحق ہوگئے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر صاحبزادہ یوسف نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ دھماکے کی کال رات 7 بج کر 19 منٹ پر موصول ہوئی۔ ریسکیو ٹیمیں اور پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
علاقہ مکینوں کے مطابق دھماکے کی آواز دور دور تک سنائی دی اور اچانک پیش آنے والے واقعے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سیکیورٹی سخت کر دی ہے اور گیس و بجلی کی فراہمی عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے تاکہ مزید کسی حادثے سے بچا جا سکے۔
ابتدائی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ دولہا شیری گزشتہ روز بارات لے کر گجرات گئے تھے اور رات ڈیڑھ بجے واپس پہنچے تھے۔ گھر میں ہیٹر جلتا رہا، لیکن گیس لوڈشیڈنگ کے باعث ہیٹر بند ہو گیا اور گیس بھر جانے کے نتیجے میں دھماکا ہوا۔ یہ حادثہ دلہن و دولہا کی زندگی کا آخری دن ثابت ہوا۔















