اسلام آباد سلنڈر دھماکا: ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں بڑا انکشاف
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر جی سیون میں ہونے والے سلنڈر دھماکے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ مکمل کرلی گئی ہے۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے تیار کی گئی ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دھماکا بظاہر گیس لیکچ کے باعث ہوا، دھماکے میں 3 مکان مکمل طور پر زمین بوس جب کہ 2 کو شدید نقصان پہنچا، واقعے میں 8 افراد جاں بحق جب کہ 12 زخمی ہوئے۔
ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا کہ دھماکا 7 بج کر 19 منٹ پر ہوا جب کہ دھماکے کی اطلاع 7 بج کر 24 منٹ پر ملی، پولیس اور ریسکیو ٹیمیں 7 بج کر 39 منٹ پر پہنچیں، 6 لاشیں اور 10 زخمی اسپتال جب کہ 2 لاشیں اور 2 زخمی سی ڈی اے اسپتال منتقل کی گئیں، ہلاکتیں ملبے تلے دب جانے اور جھلسنے کے باعث ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق جائے وقوعہ سے گیس پائپ لائن گیس کنکشنز کے سیمپل اکٹھے کرلیے گئے ہیں، گلی تنگ ہونے کی وجہ مشینری کو جائے وقوعہ پر پہنچنے میں دشواری کا سامنا رہا، ابتدائی ریسکیو علاقہ مکینوں نے کیا بعد میں ریسکیو ٹیموں نے آپریشن مکمل کیا، عینی شاہدین اور متاثرہ افراد کے بیانات قلمبند کیے جارہے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ گیس کس جگہ جمع ہوئی اور فوری آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کیا جائے گا، شواہد اکٹھے کرنے کے بعد جائے وقوعہ کو فوری طور پر سیل کردیا گیا۔ دھماکے کی شدت اور نوعیت جاننے کے لیے نمونے اور کیمیائی اثرات جمع کر لیے گئے۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق متاثرہ گھروں کی گیس اور بجلی کی فراہمی بھی عارضی طور پر منقطع کر دی گئی ہے جب کہ مزید تحقیقات ضلعی انتظامیہ، پولیس، فرانزک ٹیمیں اور گیس کمپنیاں مل کر کریں گی۔
دوسری جانب جاں بحق افراد کی میتیں آخری رسومات کے لیے گھرپہنچائی گئیں، اس موقع پر لواحقین اور رشتہ داروں سمیت مقامی افراد کی بڑی تعداد شریک تھی۔
بعدازاں میتیں آخری رسومات کے بعد وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر ایچ ایٹ قبرستان میں تدفین کے لیے پہنچادیں گئی ہیں۔













