ٹانک میں پولیس کی گاڑی کے قریب دھماکا، 6 اہلکار شہید

لکی مروت میں بھی آئی ای ڈی دھماکا ہوا، جس میں ایس ایچ او تھانہ صدر رازق خان سمیت تین پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔
شائع 12 جنوری 2026 02:43pm

خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع میں سیکیورٹی صورتحال ایک بار پھر کشیدہ ہو گئی ہے، جہاں ٹانک، لکی مروت اور بنوں میں دہشت گردی کے مختلف واقعات پیش آئے ہیں۔

ٹانک میں تھانہ گومل کی حدود میں پولیس کی گاڑی کے قریب زور دار دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں تھانہ گومل کے ایڈیشنل ایس ایچ او سمیت چھ پولیس اہلکار شہید جبکہ تین زخمی ہو گئے۔

شہداء میں ایس ایچ او اسحاق خان، ایس آئی اسلم خان، ڈرائیور عبدالمجید، ایلیٹ فورس کے اہلکار ارشد علی، حضرت علی اور احسان اللہ شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا جب پولیس کی گاڑی معمول کے گشت پر تھی۔

زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

دوسری جانب لکی مروت میں بھی سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا گیا، جہاں تھانہ صدر کی حدود میں درہ تنگ کے مقام پر آئی ای ڈی دھماکا ہوا۔

پولیس کے مطابق دھماکا پل کے قریب نصب بارودی مواد سے کیا گیا، جس میں ایس ایچ او تھانہ صدر رازق خان سمیت تین پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اسی راستے سے ڈی پی او لکی مروت کو چوکیوں کے دورے کے لیے گزرنا تھا، جبکہ ایک روز قبل اسی مقام سے ایک وکیل کو نامعلوم مسلح افراد نے اغوا بھی کیا تھا، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس کی فضا پائی جاتی ہے۔

اس سے قبل ضلع بنوں میں نالہ کاشو پولیس چوکی پر دہشت گردوں نے حملے کی کوشش کی، تاہم پولیس کی بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی کے باعث یہ حملہ ناکام بنا دیا گیا۔

پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے دو اطراف سے ہلکے اور بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کی، لیکن چوکی پر تعینات اہلکاروں نے فوری طور پر مورچے سنبھال لیے اور بھرپور مزاحمت کرتے ہوئے حملہ آوروں کو پسپا کر دیا۔ واقعے میں پولیس کے تمام اہلکار محفوظ رہے اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بنوں یاسر آفریدی نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایسی بزدلانہ کارروائیاں پولیس فورس کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بنوں پولیس علاقے میں امن و امان کے قیام کے لیے ہمہ وقت الرٹ ہے اور کسی بھی خطرے سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔

Lakki Marwat

IED blast

Tank

Terrorism in Pakistan

Police Personnel Dead