سنار سونا اور چاندی گلابی کاغذ میں ہی کیوں لپیٹتے ہیں؟

جانیے اس کے پیچھے چھپی سادہ سی کہانی۔
شائع 14 جنوری 2026 10:39am

آج کل سونے اور چاندی کی قیمتوں میں زبردست اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ ایسے میں لوگ نہ صرف زیورات خرید رہے ہیں بلکہ سونے اور چاندی کو محفوظ سرمایہ کاری بھی سمجھتے ہیں۔

شادی ہو، تہوار ہو یا کوئی خاص موقع، زیورات خریدنا ہماری زندگی اور روایات کا اہم حصہ ہے۔ مگر کیا آپ نے کبھی غور کیا ہے کہ جب بھی سنار سے سونا یا چاندی خریدی جائے، وہ اسے اکثر گلابی رنگ کے کاغذ میں ہی لپیٹ کر دیتا ہے؟

زیادہ تر لوگ اس بات کو دیکھ کر نظر انداز کر دیتے ہیں، لیکن اس کے پیچھے چند دلچسپ اور سمجھنے میں آسان وجوہات ہیں۔

سب سے پہلی وجہ یہ ہے کہ گلابی رنگ پر سونا اور چاندی زیادہ چمکدار نظر آتے ہیں۔ جب زیور گلابی کاغذ پر رکھا جاتا ہے تو اس کا رنگ اور چمک اور بھی نمایاں ہو جاتی ہے، جس سے زیور زیادہ خوبصورت لگتا ہے۔

دوسری اہم وجہ حفاظت ہے۔ گلابی کاغذ نمی کو جذب کر لیتا ہے اور زیورات کو ہوا سے بچاتا ہے۔ خاص طور پر چاندی، جو جلد سیاہ پڑ جاتی ہے، اس کاغذ میں محفوظ رہتی ہے اور اس کی چمک دیر تک قائم رہتی ہے۔

اس کے علاوہ گلابی رنگ کو عام طور پر خوش بختی اور اچھے شگون سے جوڑا جاتا ہے۔ اسی لیے سنار اکثر سونے کو گلابی کاغذ میں لپیٹتے ہیں۔

ایک اور وجہ نفسیاتی بھی ہے۔ گلابی رنگ دیکھ کر گاہک کو سکون اور اطمینان محسوس ہوتا ہے۔ اس سے یہ تاثر ملتا ہے کہ زیور محفوظ ہے اور خریداری کا تجربہ خوشگوار بن جاتا ہے۔

یعنی سناروں کا سونا اور چاندی گلابی کاغذ میں لپیٹنا کوئی اتفاق نہیں، بلکہ یہ خوبصورتی، حفاظت، روایت اور نفسیاتی اثرات سب کا ملا جلا نتیجہ ہے۔

اگلی بار جب آپ زیور خریدیں تو اس گلابی کاغذ کو صرف کاغذ نہ سمجھیں، اس کے پیچھے چھپی یہ سادہ سی کہانی ضرور یاد رکھیں۔

Jewellers

Simple Reason

Pink Paper

Gold and Silver