پاکستانی پاسپورٹ عالمی درجہ بندی میں بہتری، 31 ممالک میں ویزا فری انٹری

پاسپورٹ کی ساکھ میں نمایاں بہتری ریکارڈ ہوئی، محسن نقوی
اپ ڈیٹ 15 جنوری 2026 11:49am

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی درجہ بندی میں نمایاں بہتری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پیشرفت حکومتی اقدامات کی کامیابی کا مظہر ہے اور آئندہ بھی بہتری کا سلسلہ جاری رہے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی درجہ بندی میں واضح بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔

ان کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ کی رینکنگ 126 سے بہتر ہو کر 98 تک آ گئی ہے، جو ایک اہم پیشرفت ہے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاسپورٹ رینکنگ میں بہتری پاکستان کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے اور اس سے عالمی سطح پر پاکستانی پاسپورٹ کی ساکھ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ مثبت تبدیلی مسلسل محنت اور اصلاحات کا نتیجہ ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ پاسپورٹ کی عالمی درجہ بندی میں یہ مثبت پیشرفت مستقبل میں مزید بہتر نتائج کی بنیاد بنے گی۔

محسن نقوی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاسپورٹ رینکنگ میں مزید بہتری کے لیے کام جاری رہے گا اور آنے والے دنوں میں پاکستانی پاسپورٹ عالمی سطح پر مزید مضبوط مقام حاصل کرے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان کا پاسپورٹ 98 ویں پوزیشن پر ہے جو 31 ممالک تک بغیر ویزا یا ویزا آن ارائیول کی سہولت فراہم کرتا ہے، جبکہ یمن اسی نمبر پر مساوی ہے۔

لندن میں قائم عالمی شہریت اور رہائش سے متعلق مشاورتی ادارے ہینلے اینڈ پارٹنرز کے مطابق سنگاپور کا پاسپورٹ دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ قرار دیا گیا ہے، جس کے حامل افراد 227 میں سے 192 ممالک اور علاقوں میں بغیر ویزا سفر کر سکتے ہیں۔

فہرست میں افغانستان بدستور آخری نمبر پر ہے، جہاں کے شہری صرف 24 ممالک میں بغیر ویزا سفر کر سکتے ہیں۔ شام، عراق بھی سب سے کمزور پاسپورٹس میں شامل ہیں۔

Interior Minister

pakistani passport

mohsin naqvi