بھارتی آئی سی سی اہلکار کو بنگلہ دیش کا ویزا نہ ملنے پر تنازع میں شدت
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سلسلے میں بنگلادیش اور بھارت کے درمیان کرکٹ تنازع شدت اختیار کر گیا ہے۔
بنگلادیش نے آئی سی سی کے دورے پر آنے والے وفد میں شامل بھارتی اہلکار کو ویزا جاری کرنے سے انکار کر دیا، جبکہ صرف ہیڈ آف اینٹی کرپشن اینڈ سیکیورٹی اینڈریو ایفگرے کو ویزا دیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، اینڈریو ایفگریو اس دورے کے دوران بنگلادیشی بورڈ کے حکام سے ملاقات کریں گے اور ورلڈکپ کے وینیوز اور سیکیورٹی کے امور پر بات چیت کریں گے۔
یاد رہے کہ بنگلادیش نے مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل سے نکالے جانے کے بعد بھارت میں کھیلنے کا بائیکاٹ بھی کر رکھا ہے، جس کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان تنازع مزید بڑھ گیا ہے۔
اینڈریو ایفگریو 17 جنوری کو ڈھاکہ پہنچے تاکہ بنگلادیش کی ورلڈکپ میں شرکت سے متعلق جاری اختلافات حل کیے جا سکیں۔
ایفگریو سابق برطانوی پولیس افسر اور بین الاقوامی کھیلوں کی سیکیورٹی کے ماہر ہیں اور ان پر مذاکرات کا مکمل بوجھ ہے تاکہ بنگلادیشی حکام کو یقین دلایا جا سکے کہ بھارت میں میچز کے دوران کھلاڑیوں کی سیکیورٹی مکمل ہوگی۔
اس دورے کو آئی سی سی کی جانب سے ایک ’آخری کوشش‘ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، کیونکہ بنگلادیش نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر گروپ مرحلے کے میچز بھارت کی بجائے سری لنکا منتقل کرنے کی درخواست بھی کی ہے۔
ٹی20 ورلڈکپ کے آغاز تک وقت کم رہ گیا ہے، اور اب اینڈریو ایفگریو کو بنگلادیش کو اصل شیڈول کے مطابق کھیلنے پر آمادہ کرنا ہے، ورنہ ٹورنامنٹ کے مستقبل پر سوالات پیدا ہو سکتے ہیں۔
















