انڈر19 ورلڈ کپ: بھارتی کپتان نے بنگلادیشی نائب کپتان سے بھی ہاتھ نہیں ملایا

آیوش مہاترے اور بنگلا دیشی نائب کپتان زواد ابرار کا ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے سے گریز
شائع 17 جنوری 2026 03:50pm

انڈر19 کرکٹ ورلڈ کپ میں بھی بھارت کا کھیل سےکھلواڑ، ٹاس کے بعد بھارتی کپتان نے بنگلا دیشی نائب کپتان زواد ابرار سے ہاتھ نہیں ملایا۔

انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2026 میں ہفتے کے روز بھارت اور بنگلادیش کے درمیان کھیلے گئے میچ میں دونوں ٹیموں کے تعلقات کی تلخی میدان میں بھی نمایاں نظر آئی جب ٹاس کے موقع پر دونوں نے ایک دوسرے سے ہاتھ نہیں ملایا۔

میچ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، تاہم اس دوران بھارتی کپتان آیوش مہاترے اور بنگلادیشی نائب کپتان زواد ابرار کے درمیان واضح فاصلہ دیکھا گیا۔ ٹاس کے بعد تمیم ہاتھ جیبوں میں ڈالے سیدھا واپس چلے گئے اور روایتی مصافحہ بھی نہیں کیا۔

یہ منظر کرکٹ شائقین کیلئے حیران کن تھا کیونکہ ماضی میں ایسی روایت زیادہ تر بھارت اور پاکستان کے میچز تک محدود رہی ہے جہاں ایشیا کپ سے مصافحہ سے گریز دیکھا جا رہا ہے۔ اب پہلی بار بنگلادیش کی جانب سے بھی اسی طرز عمل نے کھیل کی فضا کو متاثر کیا۔

اس غیر رسمی رویے کو دونوں ممالک کے حالیہ کشیدہ تعلقات سے جوڑا جا رہا ہے۔ بنگلادیش نے آئندہ ماہ بھارت میں شروع ہونے والے ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے بھی بھارت کا دورہ کرنے سے انکار کر رکھا ہے اور مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ اپنے میچز کسی اور مقام پر کھیلنا چاہتا ہے۔

آئی سی سی نے اس حوالے سے ابھی کوئی حتمی اعلان نہیں کیا تاہم بنگلادیش کرکٹ بورڈ اور آئی سی سی کے درمیان مشاورت جاری ہے۔

ادھر بنگلادیش کی جانب سے آئی پی ایل کی نشریات پر پابندی بھی دونوں ممالک کے درمیان تنازع کا حصہ سمجھی جا رہی ہے، خاص طور پر اس فیصلے کے بعد جب بنگلادیشی فاسٹ بولر مصطفیٰ الرحمان کو آئی پی ایل اسکواڈ سے باہر رکھا گیا۔

کھیل کے میدان میں بڑھتی یہ سرد مہری اب صرف کرکٹ تک محدود نہیں رہی بلکہ سفارتی اور اسپورٹس تعلقات پر بھی اثر انداز ہوتی دکھائی دے رہی ہے، اور اگر یہی روش برقرار رہی تو آنے والے دنوں میں دونوں بورڈز کے درمیان فاصلے مزید بڑھ سکتے ہیں۔

Indian Cricketer

U 19 world cup

bangladesh vs india

Handshake Refused