صرف فوٹو کلک نہیں، اسمارٹ فون کیمرے کے 6 زبردست استعمال
اکثر لوگ اسمارٹ فون کا کیمرہ صرف تصاویر کھینچنے اور ویڈیوز بنانے کے لیے استعمال کرتے ہیں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ موبائل کا کیمرہ ایک ملٹی ٹاسکنگ ٹول ہے جو روزمرہ زندگی کو کہیں زیادہ آسان بنا سکتا ہے۔
جدید اسمارٹ فونز کا کیمرہ اب صرف فوٹوگرافی کا ذریعہ نہیں رہا بلکہ یہ روزمرہ زندگی میں ایک ایسا اسمارٹ ٹول بن چکا ہے جو کئی مشکل کام لمحوں میں آسان بنا دیتا ہے۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ کیمرے کے ان زبردست فیچرز سے اب بھی بیشترصارفین لاعلم ہیں۔
ریموٹ کنٹرول خراب ہے یا بیٹری ختم؟ فوراً جانیں
اکثر ایسا ہوتا ہے کہ ٹی وی یا اے سی کا ریموٹ اچانک کام کرنا بند کر دیتا ہے۔ ایسے میں لوگ کنفیوژن کا شکار ہو جاتے ہیں کہ مسئلہ بیٹری کا ہے یا ریموٹ ہی خراب ہو گیا ہے۔ فون کا کیمرہ یہاں بہت کام آتا ہے۔ ریموٹ کو موبائل کیمرے کے سامنے رکھ کر بٹن دبائیں، اگر آئی آر بلاسٹر پر نیلی یا سفید روشنی نظر آئے تو ریموٹ ٹھیک ہے ورنہ بیٹری تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
باریک تحریر پڑھنا ہوا آسان
دواؤں کے پیکٹ، بجلی کے بل یا کسی دستاویز پر باریک حروف میں لکھی تحریر اکثر پڑھنا مشکل ہو جاتی ہے۔ ایسے میں اسمارٹ فون کا کیمرہ میگنفائنگ گلاس کا کام کرتا ہے۔ زوم اِن اور آٹو فوکس کی مدد سے چھوٹے الفاظ بھی واضح ہو جاتے ہیں، جبکہ فلیش آن کرنے سے مزید سہولت ملتی ہے۔
پیمائش کے آلات نہ ہوں تو بھی مسئلہ نہیں
کبھی کبھار کسی چیز کی لمبائی یا چوڑائی ناپنے کی ضرورت پڑتی ہے، لیکن اسکیل یا فیتہ موجود نہیں ہوتا۔ اسمارٹ فون کا کیمرہ یہاں بھی کام آسکتا ہے۔ آئی فون میں پیمائش ایپ موجود ہوتی ہے جبکہ اینڈرائیڈ فونز کے لیے پلے اسٹور پر کئی قابلِ اعتماد ایپس دستیاب ہیں، جن کی مدد سے آپ بغیر کسی آلات کے درست پیمائش کر سکتے ہیں۔
غیر ملکی زبان کا فوری ترجمہ
اگر آپ کسی دوسرے ملک کا سفر کر رہے ہوں یا کسی ایسے ریستوران میں ہوں جہاں مینو کسی غیر زبان میں لکھا ہو، تو فون کا کیمرہ فوری مدد فراہم کرتا ہے۔ گوگل ٹرانسلیٹ جیسی ایپس کے ذریعے کیمرہ متن کو اسکین کر کے فوراً آپ کی زبان میں ترجمہ کر دیتا ہے، جس سے سمجھنا نہایت آسان ہو جاتا ہے۔
چیزوں کی شناخت اور مکمل معلومات
اکثر ہمیں کسی چیز کے بارے میں جاننے کا شوق ہوتا ہے، جیسے کسی کا پہنا ہوا جوتا، گھڑی یا کپڑا۔ گوگل لینس کی مدد سے آپ فون کے کیمرے سے اس چیز کی تصویر لیں اور انٹرنیٹ پر گھنٹوں تلاش کیے بغیر لمحوں میں اس سے متعلق مکمل معلومات حاصل کریں۔
دستاویزات اسکین کرنا ہوا آسان
کاغذات، شناختی دستاویزات یا کسی فارم کو اسکین کرنے کے لیے اب الگ اسکینر کی ضرورت نہیں۔ اسمارٹ فون کے کیمرے میں موجود اسکیننگ فیچر یا کیمرا ایپس کے ذریعے صاف اور واضح اسکین تیار کر کے فوراً ای میل یا واٹس ایپ پر بھیجا جا سکتا ہے۔
اسمارٹ فون کا کیمرہ صرف فوٹوگرافی تک محدود نہیں رہا، بلکہ یہ روزمرہ کے کئی مسائل کا فوری اور آسان حل بن چکا ہے۔ اگر آپ ان فیچرز کو صحیح طریقے سے استعمال کریں تو آپ کا موبائل واقعی ایک اسمارٹ اسسٹنٹ بن سکتا ہے
















