افغانستان میں شدید برفباری اور بارشیں، 61 افراد جاں بحق

پروان اور جنوبی قندھار سمیت مختلف صوبے متاثر، چار سو اٹھاون مکانات تباہ
شائع 25 جنوری 2026 12:55pm

افغانستان میں شدید برفباری اور موسلا دھار بارشوں نے مختلف علاقوں میں تباہی مچا دی ہے، جس کے نتیجے میں کم از کم 61 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ سو سے زائد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

مقامی حکام کے مطابق خراب موسم کے باعث چار سو اٹھاون مکانات مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہو گئے ہیں، جس سے سیکڑوں خاندان بے گھر ہو چکے ہیں۔ برفانی تودے گرنے کے خدشات کے پیش نظر متعدد اہم شاہراہیں اور بین الصوبائی سڑکیں بند کر دی گئی ہیں، جس سے امدادی سرگرمیوں اور آمد و رفت میں رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے۔

ریسکیو ادارے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، تاہم شدید سردی اور مسلسل برفباری کے باعث مشکلات درپیش ہیں۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے، جبکہ متاثرہ خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔

افغان محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں مزید برفباری اور بارش کا امکان ظاہر کیا ہے، جس کے باعث صورتحال مزید سنگین ہونے کا خدشہ ہے۔

حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔