قرآن مجید کی تفسیر کے لیے مصنوعی ذہانت کا استعمال ممنوع قرار، مصری دارالافتا کا فتویٰ
مصری دارالافتا نے فتویٰ جاری کرتے ہوئے قرآن مجید کی تفسیر کے لیے مصنوعی ذہانت کی ایپلی کیشنز کے استعمال کو ممنوع قرار دے دیا ہے۔
ایک سائل کے سوال کے جواب میں مصری دار الافتا نے کہا ہے کہ قرآن پاک کی تفسیر کے لیے مصنوعی ذہانت ایپلی کیشنز، جس میں چیٹ جی پی ٹی بھی شامل ہے، مصنوعی ذہانت کی ایپلی کیشنز پر اعتماد شرعی لحاظ سے ممنوع ہے۔
مصری دار الافتا نے کہا کہ قرآن شریف کو سمجھنے کے لیے قیاس آرائیوں، تخمینوں، غیر مستند ذرائع اور معلومات پر انحصار کرنے والی مصنوعی ذہانت سے معاشرے میں شرعی اور تحقیقی فساد اور غلط فہمیاں پیدا ہوسکتی ہیں۔
دارالافتا کا کہنا ہے کہ مستند ذرائع پر انحصار نہ کرنے سے گمراہ کن معلومات پھیلنے اور غلط فہمیاں پیدا ہونے کا خدشہ ہے، قرآن مجید کی آیات کی تفسیر کے لیے چیٹ جی بی ٹی اور مصنوعی ذہانت کی دیگر ایپلی کیشنز پر اعتماد نہ کیا جائے۔
مصری دار الافتا نے قرآن پاک کی تفسیر جاننے کے لیے مستند تفاسیر، باوثوق مفسرین، علمی شخصیات اور دینی اداروں سے رجوع کرنے پر زور دیا۔














