راولپنڈی: لیبیا کے فیلڈ مارشل خلیفہ ابو القاسم حفتر کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات

ملاقات میں پاکستان اورلیبیا کے درمیان سیکیورٹی تعاون اور دیرینہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
شائع 02 فروری 2026 08:26pm

لیبیا کی عرب مسلح افواج کا اعلیٰ سطح وفد پاکستان کے دورے پر پہنچ چکا ہے۔ لیبیا کے فیلڈ مارشل خلیفہ ابو القاسم حفتر نے اپنے نائب لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ حفتر کے ہمراہ چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیرسے ملاقات کی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں ہونے والی اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس ملاقات کے دوران خطے کی سییکورٹی صورتحال سمیت پیشہ ورانہ تعاون پر گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر پاکستان اور لیبیا کی مسلح افواج کے درمیان مسلسل رابطوں اور تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ ملاقات خوشگوار اور تعمیری ماحول میں ہوئی جو پاکستان اور لیبیا کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کی عکاس ہے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لیبیا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے لیبیا میں امن، استحکام اور ترقی کے لئے پاکستان کی حمایت کا بھی یقین دلایا۔ ملاقات میں پاکستان اور لیبیا کے درمیان سیکیورٹی تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔

اس سے قبل نور خان ایئربیس آمد پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے فیلڈ مارشل خلیفہ ابو القاسم حفتر کا استقبال کیا۔ معزز مہمان نے جی ایچ کیو میں شہداء کی یادگار پر حاضری دی ، پھول رکھے اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔