مقبوضہ کشمیر میں جبری گمشدگیاں اور آبادی کے تناسب میں تبدیلی ناقابلِ قبول ہیں: آئی ایس پی آر

مسئلہ کشمیر کا حل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ناگزیر ہے: آئی ایس پی آر
شائع 05 فروری 2026 08:55am

یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر افواجِ پاکستان نے کشمیری عوام کے ساتھ غیرمتزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جدوجہدِ آزادی کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل، نیول چیف اور ایئر چیف نے اپنے مشترکہ پیغام میں کہا ہے کہ افواجِ پاکستان کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں اور ان کے بنیادی حقوق کی حمایت جاری رکھیں گی۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

بیان میں بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جاری ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیوں اور آبادی کے تناسب میں تبدیلی جیسے اقدامات کو ناقابلِ قبول قرار دیا گیا ہے۔

افواجِ پاکستان نے ان اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے اقدامات نہ صرف انسانی اقدار کے خلاف ہیں بلکہ خطے میں عدم استحکام کو بھی بڑھا رہے ہیں۔

بیان میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ناگزیر ہے۔

افواجِ پاکستان کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں ہو سکتا۔

اس تناظر میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ کشمیری عوام کی تکالیف کم کرنے کے لیے عملی اور مؤثر اقدامات کرے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق افواجِ پاکستان نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا ہے کہ وہ پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ کشمیری عوام کی جدوجہد کو جائز حق سمجھتے ہوئے افواجِ پاکستان ان کے ساتھ ہر سطح پر کھڑی رہیں گی۔