سابق وزیراعظم آزاد کشمیر کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم
اسلام آباد کی عدالت نے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے اور انہیں گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
جمعے کو ڈسٹرکٹ کورٹ اسلام آباد نے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کے خلاف ڈپلومیٹک پاسپورٹ کے مبینہ غلط استعمال کے کیس کی سماعت کی جو کہ جوڈیشل مجسٹریٹ مرید عباس نے کی۔
عدالت نے سردار تنویر الیاس کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے جب کہ عدالت نے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔
سردار تنویر الیاس متعدد بار طلب کرنے کے باوجود عدالت میں پیش نہ ہوئے، عدالت نے کیس کی مزید سماعت 23 فروری تک ملتوی کردی۔
سردار تنویر الیاس کے خلاف ایف آئی اے نے مقدمہ درج کر رکھا ہے جب کہ سابق وزیراعظم اور دیگر کے خلاف لڑائی جھگڑے کیس کی بھی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ مرید عباس کی۔
عدالت نے ملزمان کی بریت کی درخواست پر دلائل طلب کر لیے۔ عدالت نے فریقین کے وکلا کو آئندہ سماعت پر دلائل دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کیس کی سماعت 5 مارچ تک ملتوی کر دی۔ سردار تنویر الیاس اور دیگر کے خلاف تھانہ مارگلہ میں مقدمہ درج ہے۔











