جوا پروموشن کیس: ڈکی بھائی اور اہلیہ سمیت دیگر ملزمان پر فردِ جرم عائد

جوڈیشل مجسٹریٹ نے گواہوں کو 23 فروری کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے، ذرائع
شائع 09 فروری 2026 12:54pm

لاہور کی عدالت میں آن لائن جوئے کی تشہیر کے مقدمے کی سماعت کے دوران سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی، اہلیہ عروب جتوئی اور دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق یوٹیوبر سعد الرحمان اور دیگر ملزمان ضلع کچہری لاہور میں جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو کی عدالت میں پیش ہوئے، جہاں جوئے کی پرموشن کے کیس کی کارروائی کی گئی۔

سماعت کے دوران عدالت نے ملزمان پر فردِ جرم عائد کی جس کے بعد تمام ملزمان نے صحتِ جرم سے انکار کر دیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ نے گواہوں کو 23 فروری کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

واضح رہے کہ نیشنل سائبر کرایم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے ڈکی بھائی، اہلیہ عروب جتوئی اور دیگر کے خلاف آن لائن جوئے کی تشہیر کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔

و اضح رہے کہ ڈکی بھائی کو این سی ایس آئی اے نے 17 اگست 2025 میں لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کیا تھا، ملزم پر جوئے کی ایپس کی تشہیر کا الزام عائد ہے۔