سولر پینل صارفین کے لیے بڑی تبدیلی، نیٹ میٹرنگ ختم، بلنگ کا نیا نظام نافذ

نوٹیفکیشن کے مطابق 2015 کی نیٹ میٹرنگ ریگولیشنز ختم کر دی گئی ہیں
اپ ڈیٹ 10 فروری 2026 09:02am

ملک میں بجلی کے صارفین کے لیے ایک اہم تبدیلی سامنے آئی ہے، نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی یعنی نیپرا نے نیٹ میٹرنگ کے پرانے نظام کو ختم کر کے نیٹ بلنگ کا نیا قانون نافذ کر دیا ہے۔ اس حوالے سے نیپرا نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کا مقصد بجلی کی خرید و فروخت کے طریقہ کار کو جدید بنانا ہے۔

اس نئے قانون کا اطلاق نہ صرف گھریلو اور صنعتی صارفین پر ہوگا بلکہ بائیو گیس، ونڈ اور دیگر صاف ذرائع سے بجلی پیدا کرنے والے افراد بھی اس کے دائرہ کار میں آئیں گے۔ بشرطیکہ ان کی پیداوار کی صلاحیت ایک میگاواٹ تک ہو۔

ایسے صارفین کو ’پروسیومر‘ کہا جائے گا، یعنی وہ خود بجلی استعمال بھی کریں گے اور اضافی بجلی قومی گرڈ کو فراہم بھی کریں گے۔

نئے نظام کے تحت اگر کوئی صارف جتنی بجلی پیدا کرے اس سے زیادہ استعمال کرے گا تو اسے استعمال شدہ بجلی کا بل موجودہ ٹیرف پر ادا کرنا ہو گا۔ یعنی اب صارفین سے اضافی بجلی 27 روپے کے بجائے موجودہ نیشنل ایوریج ٹیرف یعنی بجلی کی اوسط قیمت پر خریدی جائے گی۔

اگر پیداوار استعمال سے زیادہ ہو تو اضافی بجلی قومی گرڈ کو فروخت سمجھی جائے گی، جس کی قیمت نیشنل ایوریج ٹیرف کے مطابق طے کی جائے گی۔

اس تبدیلی کا مطلب یہ ہے کہ اب صارفین کو ان کی فراہم کردہ بجلی کی قیمت اسی شرح سے ملے گی جو قومی سطح پر طے کی گئی ہے۔

یہ ایڈجسٹمنٹ ہر بلنگ سائیکل کے اختتام پر کی جائے گی اور اگر رقم زیادہ بنی تو وہ اگلے بل میں ایڈجسٹ ہو گی یا سہ ماہی بنیاد پر صارف کو ادا کی جائے گی۔

نیپرا کے مطابق نیٹ بلنگ کے لیے صارف کو پہلے اپنی مقامی بجلی تقسیم کار کمپنی میں درخواست دینا ہو گی۔

کمپنی درخواست گزار کی رہنمائی کرے گی اور یہ جانچ کرے گی کہ آیا سسٹم کو محفوظ طریقے سے گرڈ سے منسلک کیا جا سکتا ہے یا نہیں۔

نیپرا کا کہنا ہے کہ اس نظام میں تکنیکی اور حفاظتی تقاضے سخت ہوں گے تاکہ گرڈ کے استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔

وولٹیج اور فریکوئنسی مقررہ حدود میں رکھنا، حفاظتی آلات کی تنصیب اور ہنگامی صورتحال میں سسٹم کو الگ کرنے کے انتظامات لازمی ہوں گے۔

منظوری کے بعد فریقین کے درمیان باقاعدہ معاہدہ ہو گا اور نیپرا کی حتمی اجازت کے بعد بجلی کی ترسیل یا فروخت شروع کی جا سکے گی۔

کسی بھی خطرے کی صورت میں بجلی کمپنی عارضی طور پر کنکشن منقطع بھی کر سکے گی۔

اس کے علاوہ نیپرا نے نیٹ میٹرنگ کے معاہدوں کی مدت میں بھی بڑی تبدیلی کی ہے اور اب نئے معاہدوں کی مدت پانچ سال تک محدود کر دی گئی ہے۔

تاہم پانچ سالہ مدت ختم ہونے پر فریقین کی رضامندی سے اس معاہدے کی مزید پانچ سال کے لیے تجدید کی جا سکے گی۔

نیپرا کے مطابق یہ اقدام شفافیت لانے اور ملک میں بجلی کے نظام کو متوازن بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

اس نئے نظام کے تحت اب وہ تمام افراد جن کے پاس ایک میگاواٹ تک بجلی پیدا کرنے کی سہولت موجود ہے وہ اس شراکت داری کا حصہ بن سکتے ہیں۔

صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی مقامی بجلی فراہم کرنے والی کمپنی سے رابطہ کریں جو انہیں اس نئے عمل کے بارے میں مکمل رہنمائی اور ضروری دستاویزات مفت فراہم کرنے کی پابند ہوگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق 2015 کی نیٹ میٹرنگ ریگولیشنز ختم کر دی گئی ہیں، تاہم پرانے معاہدے اپنی مدت پوری ہونے تک برقرار رہیں گے۔ ان کی تجدید کے وقت نئی نیٹ بلنگ ریگولیشنز کا اطلاق ہو گا۔

نیپرا کا کہنا ہے کہ وہ اس نظام کے نفاذ، تنازعات کے حل اور نگرانی کا اختیار اپنے پاس رکھے گی تاکہ بجلی کے شعبے میں شفاف اور منظم طریقے سے اصلاحات کو آگے بڑھایا جا سکے۔