امریکا میں تربیتی طیارہ چلتی گاڑیوں سے ٹکرایا گیا، ویڈیو وائرل
امریکا کی ریاست جارجیا میں پیر کے روز ایک چھوٹا طیارہ (ہاکر بیچ کرافٹ بی ای-36) ہنگامی لینڈنگ کے دوران مصروف شاہراہ پر متعدد گاڑیوں سے ٹکرا گیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا ہر وائرل ہوگئی ہے۔
پولیس کے مطابق تربیتی پرواز پر موجود سنگل انجن والے چھوٹے طیارے کے پائلٹ کو تکنیکی خرابی کے باعث مصروف شاہراہ پر لینڈنگ کرنا پڑی، کیونکہ طیارے میں اتنی طاقت نہیں تھی کہ وہ واپس ہوائی اڈے تک پہنچ سکتا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ جارجیا کے شہر گینزویل میں پیش آیا، جہاں طیارے نے ہنگامی طور پر سڑک پر لینڈنگ کی کوشش کی۔ حادثے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارہ مصروف سڑک پر لینڈ کرتا ہے اور بعد ازاں کئی گاڑیوں سے ٹکرا جاتا ہے۔
پولیس کے مطابق حادثے کے نتیجے میں لوگوں کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ لینڈنگ کے بعد طیارے کا دایاں بازو ایک گاڑی سے ٹکرایا، جس کے باعث طیارے کا فیول ٹینک الگ ہو گیا اور ایک گاڑی کے پچھلے حصے سے ٹکرانے کے بعد دوسری گاڑی میں جا گھسا۔
حادثے کے بعد متاثرہ سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا، جبکہ مقامی رہائشیوں کو طویل ٹریفک جام کی توقع رکھنے کی ہدایت کی گئی۔
نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (این ٹی ایس بی) کے مطابق طیارہ گینزویل کے لی گلمر میموریل ایئرپورٹ سے کینٹن کے چیروکی کاؤنٹی ریجنل ایئرپورٹ کی جانب جا رہا تھا کہ حادثہ پیش آیا۔
این ٹی ایس بی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ روانگی کے کچھ ہی دیر بعد پائلٹ کو انجن میں مسائل کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد اس نے گینزویل واپس لینڈ کرنے کا فیصلہ کیا۔
این ٹی ایس بی کے مطابق طیارے میں اتنی طاقت نہیں تھی کہ وہ ہوائی اڈے تک پہنچ سکتا، جس کے باعث پائلٹ نے سڑک پر ہنگامی لینڈنگ کی، جہاں طیارہ تین گاڑیوں سے ٹکرا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ طیارے میں تکنیکی خرابی آنے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔














