ایلون مسک اور زکربرگ کی ایپسٹین کے ساتھ پارٹی، تصاویر سامنے آنے پر ہنگامہ
امریکہ میں جاری جیفری ایپسٹین سے متعلق نئی عدالتی دستاویزات میں ایک ایسی تصویر اور ای میلز سامنے آئی ہیں جنہوں نے ایک بار پھر طاقتور اور بااثر شخصیات کے ساتھ اس کے روابط پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
دستاویزات کے مطابق میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ اور ٹیسلا و اسپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک 2015 میں کیلیفورنیا میں ہونے والی ایک پرتعیش ڈنر پارٹی میں شریک تھے، جہاں ایپسٹین بھی موجود تھا۔
یہ ملاقات اس وقت کی بتائی جاتی ہے جب ایپسٹین 2008 میں کم عمر لڑکیوں کی اسمگلنگ کے جرم میں سزا پا چکا تھا۔
سامنے آنے والی تصویر میں ایک لمبی میز کے دونوں جانب مہمان بیٹھے دکھائی دیتے ہیں۔ ایلون مسک کی نظر کیمرے کی طرف ہے، جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ تصویر خود ایپسٹین نے بنائی۔ مارک زکربرگ تصویر میں سنجیدہ انداز میں سامنے دیکھتے دکھائی دیتے ہیں۔ یہ تصویر ایپسٹین نے 3 اگست 2015 کو خود کو ای میل کی تھی۔
یہ انکشاف ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایلون مسک نے چند ہفتے قبل دعویٰ کیا تھا کہ وہ کبھی ایپسٹین کی کسی پارٹی میں شریک نہیں ہوئے۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ اصل انصاف فائلیں جاری کرنے سے نہیں بلکہ ان افراد کے خلاف کارروائی سے ہوگا جنہوں نے ایپسٹین کے ساتھ جرائم کیے۔ مسک نے سوشل میڈیا پر ایپسٹین کے جرائم میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات چلانے کا مطالبہ کیا تھا۔
دستاویزات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ ایپسٹین اپنی سزا کے بعد بھی بااثر اور امیر شخصیات سے رابطے میں رہا۔ تاہم رپورٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ ان ملاقاتوں کا سامنے آنا خود ان شخصیات کے ایپسٹین کے جرائم میں ملوث ہونے کا ثبوت نہیں ہے۔
کیلیفورنیا میں ہونے والی اس ڈنر پارٹی کا پہلا ذکر 2 اگست 2015 کی ایک ای میل میں ملتا ہے، جو ایپسٹین نے پیٹر ایٹیا کو بھیجی تھی۔ ای میل میں اس نے لکھا کہ وہ لاس اینجلس میں ہے اور اس رات مسک، پیٹر تھیل اور زکربرگ کے ساتھ ڈنر کرے گا۔
اس ای میل کے جواب میں ایٹیا نے اس ملاقات کو ایک شاندار ڈنر قرار دیا تھا۔ بعد ازاں 20 اگست 2015 کو ایپسٹین نے ایک اور ای میل میں اس ڈنر کو ”وائلڈ“ یعنی غیر معمولی قرار دیا۔
یہ ڈنر پارٹی پہلی بار 2019 میں وینیٹی فیئر نے رپورٹ کی تھی۔ اس رپورٹ کے مطابق یہ تقریب کیلیفورنیا کے شہر پالو آلٹو میں لنکڈ اِن کے شریک بانی ریڈ ہوفمین نے ایم آئی ٹی کے سائنسدان ایڈ بوائڈن کے اعزاز میں منعقد کی تھی۔
ہوفمین نے ایپسٹین کے ساتھ اپنے روابط سے لاتعلقی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ملاقاتیں صرف آیم آئی ٹی کے لیے فنڈ ریزنگ کے سلسلے میں تھیں اور وہ ان ملاقاتوں پر افسوس کرتے ہیں۔
حال ہی میں ایلون مسک اور ریڈ ہوفمین کے درمیان سوشل میڈیا پر تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا، جس کی وجہ ایپسٹین فائلز میں ان کے ناموں کا ذکر تھا۔ ایک 2013 کی ای میل میں ایپسٹین نے مسک کا اسپیس ایکس کا دورہ کرانے پر شکریہ ادا کیا تھا، جس پر مسک نے مختصر جواب دیا۔ تاہم مسک اس ملاقات کی تردید کر چکے ہیں۔
















