بھارتی اسٹیڈیم میں بچ جانے والی کولڈ ڈرنکس شائقین کو پلائی جانے کا دعویٰ

وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں مبینہ طور پر صفائی اور حفظانِ صحت کی سنگین خلاف ورزی دکھائی گئی ہے
شائع 12 فروری 2026 03:21pm

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران دہلی کے ارون جیٹلی کرکٹ اسٹیڈیم سے سامنے آنے والی ایک ویڈیو نے سوشل میڈیا کو طیش دلا دیا۔ وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں مبینہ طور پر صفائی اور حفظانِ صحت کی سنگین خلاف ورزی دکھائی گئی ہے۔

یہ ویڈیو بڑے پیمانے پر ایکس اور انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ہے جس میں میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کولڈ ڈرنک کے ایک پروموشنل اسٹال پر موجود وینڈرز استعمال شدہ کاغذی کپوں میں بچ جانے والا سافٹ ڈرنک جمع کر کے ایک بڑے کنٹینر میں انڈیل رہے ہیں، اور بظاہر بعد میں بوتلیں دوبارہ بھر کر فروخت کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔

ویڈیو میں دیکھا گیا کہ اسٹیڈیم کے کسی اونچے مقام سے بنائی گئی فوٹیج میں عملہ نہایت احتیاط سے کپوں میں موجود باقی ماندہ مشروب کو ایک بڑے بوتل میں منتقل کر رہا ہے۔ اطراف میں استعمال شدہ کپوں کے ڈھیر اور کوکا کولا کے مقبول برانڈ کی برانڈنگ واضح طور پر نظر آتی ہے۔

ویڈیو کے کیپشن میں دعویٰ کیا گیا کہ کاغذی کپوں میں موجود تھمز اپ کے بچے ہوئے مشروب کو بڑی پیٹ بوتلوں میں ڈال کر بعد میں فروخت کیا جا رہا ہے۔

ویڈیو کر ہزاروں افراد دیکھ چکے ہیں جس کے بعد شدید ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے۔ شائقین نے اس عمل کو صحت کے لیے خطرناک قرار دیتے ہوئے ممکنہ آلودگی اور خوراک سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے خدشات کا اظہار کیا ہے۔

اگرچہ حکام کی جانب سے اس ویڈیو کی تصدیق نہیں کی گئی، تاہم سوشل میڈیا پر اسی نوعیت کے دیگر دعوے بھی سامنے آئے ہیں، جس کے بعد دہلی اینڈ ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن، بی سی سی آئی اور فوڈ سیفٹی حکام سے تحقیقات کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔