لارنس بشنوئی گینگ کی رنویر سنگھ اور روہت شیٹی کو نئی دھمکیاں

گینگ مبینہ طور پر رنویر اورروہت کی ذاتی معلومات سے آگاہ تھا۔
شائع 13 فروری 2026 12:29pm

بولی وڈ اداکار رنویر سنگھ اور فلمساز روہت شیٹی کو حال ہی میں لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے نئی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں، جو ان کے پولیس میں شکایت درج کرنے کے بعد سامنے آئی ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ دھمکیاں گینگ کے معروف رکن ہیری باکسر کی طرف سے دی گئی ہیں۔

رپورٹس کا کہنا ہے کہ رنویر اور روہت نے جب پولیس سے رجوع کیا، تو گینگ نے انہیں اور رنویر کو براہ راست دھمکی دی، ساتھ ہی یہ اشارہ بھی دیا کہ پولیس جانچ ان کے خلاف کوئی اثر نہیں ڈالے گی۔

وائس نوٹ کے ذریعے دی گئی دھمکی میں کہا گیا کہ ،’آپ کی اگلی سات نسلیں بھی ہمیں نقصان نہیں پہنچا سکیں گی۔‘

یہ سخت بیان فلم انڈسٹری میں تشویش کا سبب بنا ہے۔ پولیس اور سیکیورٹی ادارے پہلے ہی بشنوئی گینگ سے منسلک دھمکیوں کے باعث چوکس ہیں، کیونکہ یہ گینگ متعدد بار تفریحی صنعت کے اہم شخصیات کو نشانہ بنا چکا ہے۔

رپورٹس کے مطابق مزید تشویشناک بات یہ ہے کہ گینگ مبینہ طور پر رنویر اورروہت کی ذاتی معلومات سے آگاہ تھا۔

دھمکی میں کہا گیا کہ انہیں مینیجرز کے رہائشی مقامات، روزمرہ کی نقل و حرکت اور خاندان کی رہائش کے بارے میں علم ہے۔

گینگ نے خبردار کیا کہ اگر مینیجرز نے ’اپنے رویے نہیں بدلے‘ تو انہیں الگ الگ نشانہ بنایا جائے گا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ممبئی کرائم برانچ نے رنویر سنگھ کے مینیجر کو بھیجے گئے واٹس ایپ وائس نوٹ کا سراغ لگایا، جس میں 1 کروڑ روپے کے مطالبے کا ذکر تھا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق وائس نوٹ ہیری باکسر کا ہی لگتا ہے۔

ابھی تک رنویر سنگھ اور روہت شیٹی کی طرف سے تازہ آڈیو کے حوالے سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔