پاک بھارت میچ بارش کی نذر ہوگیا تو کیا ہوگا؟

آئی سی سی کے قوانین کے مطابق کم از کم پانچ اوور فی اننگز کا کھیل ہونا ضروری ہے تاکہ کسی نتیجے تک پہنچا جا سکے
شائع 15 فروری 2026 09:44am

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں بھارت اور پاکستان کے درمیان گروپ اے کا بڑا مقابلہ آج کولمبو کے آر پریم داس اسٹیڈیم میں شیڈول ہے، تاہم اس میچ پر بارش کے گہرے بادل منڈلا رہے ہیں۔ اگرچہ دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلنے میں کوئی رکاوٹ باقی نہیں رہی، لیکن موسم کی صورتحال اس ہائی پروفائل مقابلے کے انعقاد پر سوالیہ نشان بن گئی ہے۔

کولمبو کے موسم کے حوالے سے کی گئی پیش گوئی کے مطابق دن کے وقت بارش کے امکانات تقریباً 65 فیصد ہیں، جبکہ دوپہر کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش اور گھنے بادل چھائے رہنے کی توقع ہے۔ رات کے وقت بارش کا امکان کم ہو کر 25 فیصد بتایا جا رہا ہے، تاہم بعض مقامی رپورٹس کے مطابق شام سات بجے کے قریب میچ کے ابتدائی اوقات میں بارش کا امکان 49 سے 65 فیصد تک رہ سکتا ہے۔

مجموعی طور پر موسم مرطوب رہے گا اور شمال کی سمت سے تقریباً 11 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ ایک نجی موسمیاتی ادارے کے مطابق اتوار کو کولمبو میں بارش کا امکان 93 فیصد تک بھی بتایا جا رہا ہے، جس سے شائقین کی تشویش میں اضافہ ہو گیا ہے۔

اگر میچ بارش کی نذر ہو جاتا ہے تو آئی سی سی کے قوانین کے مطابق کم از کم پانچ اوور فی اننگز کا کھیل ہونا ضروری ہے تاکہ کسی نتیجے تک پہنچا جا سکے۔ اگر پانچ پانچ اوور کا میچ بھی ممکن نہ ہو سکا تو مقابلہ منسوخ قرار دے دیا جائے گا۔

گروپ مرحلے کے کسی بھی میچ کے لیے ریزرو ڈے موجود نہیں ہے، اس لیے ایسی صورت میں دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا جائے گا۔

گروپ اے کی صورتحال اس وقت دلچسپ ہے۔

بھارت اور پاکستان دونوں دو میچوں میں چار چار پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں، تاہم بہتر نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر بھارت کو برتری حاصل ہے۔

اگر یہ میچ بارش کی وجہ سے بے نتیجہ ختم ہوتا ہے اور پوائنٹس تقسیم ہو جاتے ہیں تو دونوں ٹیمیں ایک میچ باقی رہتے ہوئے سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر جائیں گی۔

گروپ کی دیگر ٹیمیں، جن میں امریکا، نیدرلینڈز اور نمیبیا شامل ہیں، زیادہ سے زیادہ چار پوائنٹس تک ہی پہنچ سکتی ہیں۔

میچ کے منسوخ ہونے کی صورت میں مالی نقصان بھی ایک اہم پہلو ہے۔ براڈکاسٹرز کو اشتہارات کی مد میں بھاری نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے کیونکہ پاک بھارت میچ کو دنیا بھر میں سب سے زیادہ دیکھا جاتا ہے۔

مکمل واش آؤٹ کی صورت میں عموماً شائقین کو ٹکٹوں کی رقم واپس کرنا پڑتی ہے، جس سے سری لنکا کرکٹ کو گیٹ ریسیٹس کی مد میں نقصان ہو سکتا ہے۔ یوں بارش کی صورت میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو مالی دھچکا لگنے کا خدشہ ہے۔

دوسری جانب سابق پاکستانی کرکٹر باسط علی نے ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ دعا گو ہیں کہ بارش ہو۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ مکمل میچ دیکھنا چاہتے ہیں تو انہوں نے دوبارہ کہا کہ وہ بارش کے خواہاں ہیں۔ ان کے اس بیان نے بھی بحث کو مزید گرم کر دیا ہے۔

شائقین کرکٹ اس بڑے مقابلے کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں، لیکن اب سب کی نظریں آسمان پر جمی ہیں۔

اگر موسم نے ساتھ دیا تو دنیا ایک اور سنسنی خیز پاک بھارت مقابلہ دیکھے گی، اور اگر بارش آڑے آ گئی تو یہ ٹاکرا ادھورا رہ جائے گا اور دونوں ٹیمیں ایک ایک پوائنٹ پر اکتفا کریں گی۔