کراچی: پولیس اہلکار کو مفت کباب اور مچھلی کھانا مہنگا پڑ گیا
کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں ایک پولیس اہلکار کو مفت کباب اور مچھلی کھانا مہنگا پڑ گیا۔ پاکستان بازار پولیس نے اہلکار کو اس کے ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا، جبکہ دکاندار کی مدعیت میں مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار اہلکار تنزیل سرجانی ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں تعینات ہے۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ مبینہ طور پر نشے کی حالت میں اپنے دوستوں کے ہمراہ ایک ہوٹل پہنچا۔
مدعی دکاندار کے بیان کے مطابق پانچ افراد نے کباب اور مچھلی فرائی کا آرڈر دیا۔ کھانا کھانے کے بعد جب پیسے طلب کیے گئے تو پولیس اہلکار تنزیل طیش میں آ گیا اور پستول تان لی، شور شرابہ شروع کر دیا اور اس کے ساتھیوں نے دکاندار کے بھائی وحید پر تشدد کیا۔ مدعی کا کہنا ہے کہ نشے میں دھت افراد نے ہوٹل کی کرسیاں بھی اٹھا کر پھینک دیں۔
دکاندار کے مطابق اہلِ علاقہ کی مدد سے تین افراد کو موقع پر ہی قابو کر لیا گیا، جبکہ دو ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ بعد ازاں پولیس موقع پر پہنچی اور گرفتار افراد کو تحویل میں لے لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دکاندار کی درخواست پر اہلکار اور اس کے ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ حکام کے مطابق فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش بھی کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ یہ واقعہ کراچی میں پیش آیا، جہاں شہریوں نے پولیس اہلکار کے رویے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔
















