ٹی 20 ورلڈ کپ: پاکستانی ہیڈ کوچ نے بھارت سے شکست کی وجہ بتادی
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت کے ہاتھوں پاکستان ٹیم کو شکست کی وجہ بتا دی ہے۔
کولمبو میں میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مائیک ہیسن نے کہا کہ بھارتی بلے باز ایشان کشن نے اچھی اننگز کھیلی، وہ ہم سے میچ لے گئے۔
قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے کہاکہ ہماری ابتدائی وکٹیں جلدی گرگئیں، جس کی وجہ سے پارٹنر شپ قائم نہیں ہوئی، ٹورنامنٹ میں آگے جانے کے لیے ہمیں بہتر کرکٹ کھیلنا ہوگی۔
مائیک ہیسن نے کہا کہ سلمان علی آغا کے پہلا اوور کرانے کا پلان 3 روز پہلے بنایا تھا، دوسری اننگز میں گیند پہلی اننگز کے مقابلے میں زیادہ سلپ ہوئی، عثمان طارق کا یہی رول تھا اور انہیں صحیح وقت پر بولنگ کے لیے لایا گیا تھا۔
واضح رہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ میں پاک بھارت ٹاکرے میں بھارت نے پاکستان کو شکست دے دی ہے، جس کے بعد سپر ایٹ مرحلے میں کوالیفائی کرنے کے لیے پاکستان کو نمیبیا کے خلاف میچ لازمی جیتنا ہوگا۔
کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، اور بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز اسکور کیے، تاہم جواب میں قومی ٹیم 18 اوورز میں 114 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
بھارت کے ہاتھوں عبرتناک شکست پر سوشل میڈیا صارفین قومی ٹیم اور مینجمنٹ کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔













