اورنگی ٹاؤن میں جیولری شاپ سے کروڑوں مالیت کی چوری، ملزمان دیوار توڑ کر فرار
کراچی کے علاقے اورنگی ٹائون سیکٹر ساڑھے گیارہ میں ملزمان جیولر کی دکان کی دیوار توڑ 30 کروڑ مالیت کا سونا لے اُڑے۔ واقعے کا مقدمہ کراچی کی اقبال مارکیٹ پولیس نے دکان کے مالک ایوب خان کی مدعیت میں درج کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق دکان 12 فروری کو کاریگروں نے معمول کے مطابق بند کی تھی۔ 14 فروری کو جب کاریگر نے دکان کھولی تو اندر کا منظر دیکھ کر وہ حیران رہ گیا اور فوری طور پر مالک کو اطلاع دی گئی۔ متاثرہ جیولر ایوب خان موقع پر پہنچے تو معلوم ہوا کہ دکان کی عقبی دیوار توڑی گئی ہے، جس کے ذریعے ملزمان اندر داخل ہوئے۔
مقدمے کے متن کے مطابق چور دیوار توڑ کر دکان میں گھسے اور وہاں موجود قیمتی زیورات اور دیگر سامان سمیٹ کر فرار ہو گئے۔
ابتدائی تفصیلات کے مطابق ملزمان 606 تولہ سونے کے زیورات کے علاوہ 20 سے 25 لاکھ روپے مالیت کے ہیرے کے سیٹ بھی ساتھ لے گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کیے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ چوری کی اس بڑی واردات کی مکمل تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جبکہ اطراف کے علاقوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کی جا رہی ہے تاکہ ملزمان کی نشاندہی ہو سکے۔
اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ اس طرح کے واقعات سے تاجروں میں تشویش پائی جاتی ہے، جبکہ پولیس کا مؤقف ہے کہ تمام ممکنہ پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے اور جلد پیش رفت کی توقع ہے۔

















