لاہور: کالج کی تیسری منزل سے مبینہ چھلانگ لگانے والی میڈیکل کی طالبہ دم توڑ گئی

طالبہ کو فوری طور پر تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔
اپ ڈیٹ 17 فروری 2026 11:20pm

لاہور میں فاطمہ جناح میڈیکل کالج کی ایک طالبہ نے مبینہ طور پر کالج کی تیسری منزل سے چھلانگ لگا دی۔ طالبہ کو فوری طور پر تشویشناک حالت میں اسپتال لایا گیا۔

فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی فائنل ایئر کی 22 سالہ طالبہ فریحہ، جو مبینہ طور پر عمارت سے چھلانگ لگانے کے بعد شدید زخمی ہو گئی تھی، دورانِ علاج دم توڑ گئی۔

پولیس کے مطابق طالبہ کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں اسے آئی سی یو میں داخل کیا گیا۔

ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ سر پر شدید چوٹ لگنے سے دماغ متاثر ہوا اور وہ جانبر نہ ہو سکی۔ طالبہ فریحہ کچھ ماہ سے ڈپریشن کا شکار تھی۔

وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کا کہنا ہے کہ واقعے کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں، جب کہ انتظامیہ اور پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہیں۔

طالبہ کا تعلق کشمیر سے تھا اور وہ اپنے والد کے ساتھ لاہور میں رہائش پذیر تھی۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ طالبہ کا فائنل ایئر کا دوسرا پیپر جمعہ کو ہونا تھا۔ ایک پیپر ہو چکا ہے اور دوسرے پیپر کی تیاری کر رہی تھی۔