سعودی عرب میں رمضان کا چاند نظر آگیا، پہلا روزہ آج ہوگا
سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا ہے، جس کے بعد پہلا روزہ آج بدھ کے روز ہوگا۔ ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ، شمالی افریقا کے متعدد ممالک میں گذشتہ روز چاند نظر نہ آنے کی وجہ سے پہلا روزہ 19 فروری کو ہوگا۔ پاکستان میں رمضان کا چاند دیکھنے کے لیے رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا۔
سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں منگل کے روز رمضان المبارک کا چاند نظر آ گیا ہے، جس کے بعد بدھ کے روز پہلا روزہ ہوگا۔
سعودی عرب کی سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں مجاز رویت ہلال کمیٹیوں کی جانب سے موصول ہونے والی شہادتوں کے بعد چاند نظر آنے کی تصدیق ہوگئی ہے۔
اس اعلان کے ساتھ ہی ملک بھر میں تراویح اور روزوں کی تیاری کا آغاز کیا گیا جب کہ سرکاری اداروں اور نجی شعبے میں بھی رمضان کے اوقات کار کے مطابق دفتری اوقات میں رد و بدل کیا جائے گا۔
متحدہ عرب امارات کی صدارتی عدالت نے بھی رویت ہلال کمیٹی کی تصدیق کے بعد بدھ کو پہلے روزے کا اعلان کیا ہے۔ اعلان کے ساتھ ہی ملک بھر میں عبادات اور سحری و افطار کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
خلیجی ملک عمان سمیت انڈونیشیا، ترکیہ میں منگل کی شام چاند نظر نہ آنے کے باعث رمضان المبارک کا آغاز جمعرات سے ہوگا۔
آذربائیجان، قازقستان، کرغیزستان اور ازبکستان کی حکومتوں نے چاند نظر نہ آنے کی تصدیق کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ پہلا روزہ جمعرات کو رکھا جائے گا۔
برونائی اور فلپائن میں بھی رمضان کا چاند نظر نہیں آیا لہٰذا دونوں ملکوں میں پہلا روزہ 19 فروری ہوگا۔ اسی طرح بھارت، بنگلادیش اور ایران میں چاند کی رویت سے متعلق اعلان آج متوقع ہے۔
پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج بدھ کے روز ہوگا۔ ترجمان سپارکو کے مطابق پاکستان میں پہلے روزے کا آغاز 19 فروری کو ہونے کا امکان ہے۔











اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔