بلوچستان میں سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی، 14 دہشتگرد ہلاک

ہلاک دہشتگردوں کے قبضےسےاسلحہ وگولہ بارودبرآمد، ترجمان سی ٹی ڈی
شائع 18 فروری 2026 12:22pm
علامتی تصویر
علامتی تصویر

بلوچستان کے دارالخلافہ کوئٹہ اور شہر بارکھان میں انسداد دہشتگردی کے ادارے (سی ٹی ڈی) نے مختلف کارروائیاں کی ہیں جن میں 14 دہشت گرد مارے گئے۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق یہ کارروائیاں خفیہ اطلاع پر کی گئیں۔

پہلی کارروائی کوئٹہ میں کی گئی، اس دوران دہشت گردوں نے سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ شروع کر دی۔

جوابی کارروائی میں آٹھ دہشت گرد مارے گئے جبکہ تین اہلکار زخمی بھی ہوئے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔

مارے گئے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے بتایا جا رہا ہے۔

دوسری کارروائی ضلع بارکھان میں ہوئی۔ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے میں چھ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں نے قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر فائرنگ کی، جس کے جواب میں تمام چھ دہشت گرد مارے گئے۔

کارروائی کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن بھی کیا تاکہ کسی ممکنہ سہولت کار یا فرار ہونے والے دہشت گرد کو گرفتار کیا جا سکے۔