خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کا احتجاج ختم، صوبے کی اہم شاہراہیں کھل گئیں
خیبرپختونخوا میں پشاور ہائی کورٹ کے حکم پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا احتجاج کرائے جانے کے بعد صوبے کی اہم شاہراہیں ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہیں۔
پشاور ہائی کورٹ نے گزشتہ روز آئی جی خیبرپختونخوا پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے صوبے بھر کی سڑکیں کھلوانے اور احتجاج ختم کرنے کا حکم دیا تھا۔
پولیس نے کارکنوں کے دھرنے کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انبار انٹرچینج پر گزشتہ پانچ روز سے جاری احتجاج ختم کرا دیا، جس کے بعد علاقے میں ٹریفک کی روانی بحال ہو گئی۔
پولیس حکام کے مطابق بھاری نفری کی موجودگی میں مختلف مقامات پر قائم رکاوٹیں ہٹائی گئیں۔ پنجاب اور خیبرپختونخوا کو ملانے والے اہم مقام اٹک پل جی ٹی روڈ پر بھی ٹریفک بحال کر دی گئی ہے۔
اسی طرح ڈیرہ اسماعیل خان کو میانوالی اور چشمہ سے ملانے والی سڑکیں بھی کھول دی گئیں، جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان تا اسلام آباد موٹر وے ایم 14 اور سی پیک یارک ٹول پلازہ کو بھی کلیئر کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ہزارہ موٹر وے پر حویلیاں اور مسلم آباد انٹرچینج بھی ٹریفک کے لیے بحال کر دیے گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ تمام راستے پولیس کی نگرانی میں کلیئر کرائے گئے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
انتظامیہ کے مطابق صورتحال اب قابو میں ہے اور معمولاتِ زندگی بتدریج بحال ہو رہے ہیں جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے حساس مقامات پر گشت جاری رکھا جائے گا۔














