سُپر ایٹ مرحلے میں نیوزی لینڈ سے ٹاکرا، قومی پلیئنگ الیون کے ناموں پر غور

سیمی فائنل کی دوڑ تیز، کولمبو میں اہم معرکہ، قومی ٹیم میں دو تبدیلیوں کا امکان
اپ ڈیٹ 20 فروری 2026 05:42pm

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں سپر ایٹ مرحلے کا آغاز کل سے ہو رہا ہے جہاں سیمی فائنل تک رسائی کی جنگ مزید سنسنی خیز شکل اختیار کر جائے گی۔ پہلے میچ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی۔ میچ مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے شروع ہوگا۔

دونوں ٹیموں نے ابتدائی مرحلے میں تین، تین میچز جیت کر سپر ایٹ میں جگہ بنائی۔ پاکستان گروپ اے میں دوسرے نمبر پر رہا جبکہ نیوزی لینڈ گروپ ڈی میں دوسری پوزیشن کے ساتھ اگلے مرحلے میں پہنچی۔ اب آٹھ مضبوط ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ شروع ہوگا جہاں ہر میچ سیمی فائنل کی راہ ہموار یا مشکل بنا سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق اہم میچ کے لیے قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں متوقع ہیں۔ اوپنر فخر زمان کی واپسی کا امکان ہے جبکہ اسپنر ابرار احمد کو بھی حتمی الیون میں شامل کیا جا سکتا ہے تاکہ درمیانی اوورز میں وکٹیں حاصل کی جا سکیں۔

ممکنہ پلیئنگ الیون میں صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، سلمان علی آغا (کپتان)، بابراعظم، عثمان خان (وکٹ کیپر)، خواجہ نافع ، شاداب خان، محمد نواز، شاہین شاہ آفریدی، ابرار احمد اور عثمان طارق شامل ہیں۔

متوقع نیوزی لینڈ ٹیم میں فن ایلن، ٹم سیفرٹ (وکٹ کیپر)، راچن رویندرہ، گلین فلپس، مارک چیپ مین، ڈیرل مچل، مچل سینٹر (کپتان)، جیمز نیشم، میٹ ہنری، لاکی فرگوسن اور جیکب ڈفی شامل ہیں۔

دونوں ٹیمیں جیت کے لیے بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گی اور دباؤ میں کھیل ان کے نتیجے کا فیصلہ کرے گا۔ متوقع ہے کہ میچ سخت مقابلے، تیز رفتار کھیل اور سنسنی سے بھرپور ہوگا۔

ماہرین کے مطابق پاکستان کی جیت کے لیے ابتدائی اوورز میں محتاط مگر مثبت بیٹنگ ضروری ہوگی تاکہ پاور پلے سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکے۔ مڈل آرڈر کو ذمہ دارانہ کھیل پیش کرنا ہوگا جبکہ بولنگ میں شاہین آفریدی کو نئی گیند سے جلد وکٹیں حاصل کرنا ہوں گی۔ جبکہ بولنگ میں شاہین آفریدی کو نئی گیند سے جلد وکٹیں حاصل کرنا ہوں گی، کولمبو کی وکٹ عموماً اسپنرز کے لیے مددگار ثابت ہوتی ہے، اس لیے شاداب خان اور ابرار احمد کا کردار بھی اہم ہوگا۔

کرکٹ شائقین کی نظریں اس بڑے مقابلے پر جمی ہوئی ہیں کیونکہ اس میچ کا نتیجہ سپر ایٹ کی پوائنٹس ٹیبل پر نمایاں اثر ڈال سکتا ہے اور سیمی فائنل کی دوڑ میں برتری دلانے کا سبب بن سکتا ہے۔