کراچی کی رہائشی عمارت میں سلنڈر دھماکا، ایک بچہ جاں بحق، متعدد زخمی
کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد حیدری کے قریب ایک رہائشی عمارت کے فلیٹ میں سلنڈر دھماکے کے بعد آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں ایک بچے کی جان چلی گئی جبکہ حاملہ خاتون سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق آگ عمارت کی دسویں منزل پر لگی تھی جس پر قابو پا لیا گیا ہے جبکہ کولنگ کا عمل جاری ہے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد عمارت میں موجود افراد میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ امدادی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ بجھائی اور عمارت میں پھنسے تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا۔
زخمیوں کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
جاں بحق ہونے والے 15 سالہ بچے کی شناخت برہان ولد عون کے نام سے ہوئی ہے۔ اہل خانہ بچے کی میت کو تدفین کے لیے سخی حسن قبرستان لے گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق ابتدائی اطلاعات میں مزید دو افراد کی ہلاکت کا بھی ذکر کیا گیا ہے جن میں ایک 7 سالہ بچہ اور ایک 50 سالہ شخص شامل ہیں، تاہم اس حوالے سے سرکاری سطح پر حتمی تصدیق کا انتظار ہے۔
زخمیوں میں فاطمہ زوجہ حنین عمر 30 سال، انسیہ دختر حنین عمر 4 سال، تسنیم زوجہ نامعلوم عمر 70 سال اور حنین ولد فضل عباس عمر 40 سال شامل ہیں۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان کا کہنا ہے کہ رہائشی عمارت میں ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ کولنگ کا عمل احتیاطی طور پر جاری ہے تاکہ دوبارہ آگ بھڑکنے کا خدشہ نہ رہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا گیس سلنڈر پھٹنے کے باعث ہوا، تاہم واقعے کی مکمل چھان بین کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور واقعے کی وجوہات کا تعین کر کے آئندہ ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے جائیں۔














