بھکر میں چیک پوسٹ پر خودکش حملہ، پنجاب پولیس کے دو اہلکار شہید

آئی جی پنجاب نے زخمی کانسٹیبل کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی سخت ہدایت کی ہے
شائع 25 فروری 2026 08:34am

پنجاب اور خیبر پختونخوا کے سرحدی علاقے بھکر میں واقع داجل بین الصوبائی چیک پوسٹ پر ایک خودکش حملہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں پنجاب پولیس کے دو بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا ہے۔

حملے کے دوران چیک پوسٹ پر موجود کانسٹیبل فہیم عباس اور کانسٹیبل شہباز مدنی دھماکے کی زد میں آکر شہید ہو گئے جبکہ ایک اور اہلکار ارشد شدید زخمی ہوا ہے۔

آئی جی پنجاب عبدالکریم نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی شہدا کی لازوال قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کے ان جوانوں نے اپنی جانیں قربان کر کے دشمن کے ناپاک عزائم کو مٹی میں ملا دیا ہے۔

آئی جی پنجاب نے زخمی کانسٹیبل کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی سخت ہدایت کی ہے اور واضح کیا ہے کہ پنجاب پولیس کا ہر سپاہی فتنہ الخوارج اور ملک دشمن عناصر کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑا ہے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

مریم نواز نے سوگوار خاندانوں سے گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پوری قوم شہدا کے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے۔

صدر مملکت نے بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس کے عزم کو سراہا اور جانی نقصان پر گہرے رنج و ملال کا اظہار کیا۔