افغان طالبان کے خلاف پاک فوج کی کارروائیاں جاری، اسلحہ ڈپو اور ڈرون اسٹوریج سائٹ تباہ
افغان طالبان کی جارحیت کے خلاف آپریشن غضب للحق جاری ہے، جس کے دوران خوست ایمونیشن ڈپو اور اور ڈرون اسٹوریج سائٹ تباہ کردیا گیا ہے۔
پیر کے روز سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ افغان طالبان رجیم کی جارحیت کے خلاف پاک فوج کی بھرپور اور طاقتور جوابی کارروائیاں جاری ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک افواج نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج اور افغان طالبان کا خوست میں ایمونیشن ڈپو تباہ کردیا ہے۔
پاک افواج کی مؤثر جوابی کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج اور افغان طالبان کے جلال آباد میں ایمونیشن ڈپو اور ڈرون اسٹوریج سائٹ کو بھی تباہ کر دیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک افواج فتنہ الخوارج اور افغان طالبان فوج کے ٹھکانوں اور فوجی تنصیبات کو موثر انداز میں نشانہ بنا رہی ہیں، فتنہ الخوارج اور افغان طالبان رجیم کو پاک افغان سرحد پربلا اشتعال جارحیت کے بعد ہر محاذ پر بھرپور پسپائی کا سامنا ہے۔
خیال رہے کہ جمعرات 26 فروری کی رات پاک افغان سرحد پر افغان طالبان کی جانب سے بلا اشتعال جارحیت کے جواب میں پاکستان کی مسلح افواج کا آپریشن غضب للحق جاری ہے۔
پاک فوج نے افغانستان کی حدود کے اندر مختلف مقامات پر جوابی کارروائیاں کیں اور کابل، قندھار اور پکتیا سمیت دیگر مقامات پر موجود عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا اور کئی چیک پوسٹیں تباہ کیں۔
گزشتہ روز وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے بتایا تھا کہ آپریشن غضب للحق کے تحت افغان طالبان رجیم کے 415 کارندے ہلاک اور 580 سے زائد زخمی ہیں، اب تک 182 پوسٹیں تباہ اور 31 پر قبضہ کیا گیا، 185 ٹینک اور مسلح گاڑیاں تباہ کر دی گئیں، 46 مقامات پر فضائی کارروائیوں میں اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
















