کالر پر ہنسنا مہنگا پڑگیا، جویریہ سعود شدید تنقید کی زد میں

رمضان ٹرانسمیشنز تفریحی رنگ اختیار کرتی جا رہی ہیں، سوشل میڈیا صارفین
شائع 03 مارچ 2026 08:57am

پاکستان شوبز انڈسٹری کی اداکارہ، رائٹراور رمضان ٹرانسمیشن کی میزبان جویریہ سعود اپنے ایک پروگرام کے وائرل کلپ کی وجہ سے ایک بار پھر سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کا سامنا کررہی ہیں جو صارفین کو سخت ناگوار گزرا۔

شو میں لائیو شو کے دوران شکارپور سے تعلق رکھنے والے ایک شخص، سمیر، نے کال کر کے جلد میں شدید خارش کے مسئلے پر مشورہ طلب کیا۔

کالر کا کہنا تھا کہ اس طبی مسئلے کی وجہ سے اس کی شادی میں رکاوٹ آ رہی ہے کیونکہ جب بھی رشتہ دیکھنے کی بات ہوتی ہے تو انہیں خارش شروع ہو جاتی ہے۔ گفتگو کے دوران اچانک کال منقطع ہوگئی اور وہ اپنی بات مکمل نہ کر سکا۔

کلپ میں دیکھا گیا کہ میزبان کالر کی بات سنتے ہوئے دوپٹے سے چہرہ چھپا کر ہنستی رہیں جس پر سوشل میڈیا صارفین نے سخت ردعمل دیا۔

صارفین کا کہنا ہے کہ کسی کے طبی مسئلے پر اس طرح کا ردعمل غیر سنجیدہ اور غیر مناسب تھا، خاص طور پر ایک مذہبی اور سنجیدہ نوعیت کے پروگرام میں۔

واقعے کے بعد مختلف صارفین نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ رمضان ٹرانسمیشنز سنجیدہ رہنمائی کے بجائے تفریحی رنگ اختیار کرتی جا رہی ہیں۔

بعض افراد نے چینلز سے مطالبہ کیا کہ لائیو کالز کے دوران زیادہ ذمہ داری اور حساسیت کا مظاہرہ کیا جائے۔