’بلڈ مون‘ کی تصاویر منظرِ عام پر، سوشل میڈیا صارفین حیران
2026 کے شاندار مکمل چاند گرہن کی تصاویر منظرِ عام پر آتے ہی انٹرنیٹ پرتیزی سے وائرل ہو گئیں۔
سال رواں کا پہلا مکمل چاند گرہن دنیا بھر میں توجہ کا مرکز بن گیا، جہاں آسمان پر ابھرنے والے سرخ رنگ کے چاند نے سوشل میڈیا صارفین کو حیران کر دیا۔ اس فلکیاتی منظر کو عام طور پر ”بلڈ مون“ کہا جاتا ہے
یہ دلکش منظر اس وقت دیکھنے میں آیا جب چاند زمین کے مکمل سائے (امبرا) میں داخل ہوا۔ اس مرحلے میں سورج کی روشنی براہِ راست چاند تک نہیں پہنچتی بلکہ زمین کے گرد سے مڑ کر آنے والی سرخی مائل شعاعیں چاند کو گہرے سرخ رنگ میں بدل دیتی ہیں۔
دنیا کے کئی ممالک، خصوصاًجاپان، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ میں شائقینِ فلکیات نے شام کے وقت اس نظارے کا مشاہدہ کیا۔ دوسری جانب شمالی اور جنوبی امریکہ کے بیشتر حصوں میں یا تو چاند غروب ہو چکا تھا یا گرہن اپنے اختتامی مرحلے میں داخل ہو گیا تھا۔
ماہرین کے مطابق مکمل چاند گرہن اس وقت وقوع پذیر ہوتا ہے جب زمین سورج اور چاند کے درمیان سیدھی لائن میں آ جاتی ہے اور چاند مکمل طور پر زمین کے سائے میں چھپ جاتا ہے۔ جبکہ جزوی چاند گرہن میں چاند کا صرف ایک حصہ سائے میں داخل ہوتا ہے۔
اس قدرتی مظہر کو دیکھنے کے لیے کسی خاص عینک یا فلٹر کی ضرورت نہیں تھی، اور لوگ کھلی آنکھ سے مشرقی افق پر ابھرتے چاند کو دیکھ سکتے تھے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر دنیا کے مختلف خطوں سے صارفین نے اس یادگار لمحے کی تصاویر شیئر کیں، جس سے یہ فلکیاتی واقعہ ایک عالمی آن لائن تقریب میں تبدیل ہو گیا۔
ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ اس طرح کے گرہن نہ صرف سائنسی اہمیت رکھتے ہیں بلکہ عوام میں خلائی مظاہر کے بارے میں دلچسپی بھی بڑھاتے ہیں اور 2026 کا یہ ”بلڈ مون“ طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔
















