لبنان: اسرائیل کے رہائشی عمارت پر حملے میں 6 افراد جاں بحق، ہلاکتیں 50 تک پہنچ گئیں
اسرائیل کی جانب سے لبنان پر تازہ فضائی حملوں میں مزید 6 افراد جاں بحق جب کہ 15 زخمی ہوگئے ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق لبنان کے مشرقی شہر بعلبک میں اسرائیل کے تازہ فضائی حملے میں چار منزلہ رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ حکام کے مطابق ریسکیو ٹیمیں ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
لبنان کی وزارتِ صحت کے مطابق بیروت کے جنوب میں دو قصبوں، آرمون اور سعدیات پر اسرائیلی حملوں میں بھی 6 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے بدھ کے روز اسرائیلی فورسز کے اجتماع پر راکٹ فائر کرنے کا دعویٰ کیا ہے اور اسے لبنان پر حملوں کا ردعمل قرار دیا ہے۔
لبنان کی وزارتِ صحت کے مطابق حالیہ کشیدگی کے آغاز سے اب تک اسرائیلی حملوں میں کم از کم 50 افراد جاں بحق اور 335 زخمی ہوچکے ہیں۔











