ثنا عسکری نے شوہر اور جنات سے جڑا خوفناک قصہ شیئر کردیا

بیٹا اکثر آوازیں بدل بدل کر ڈراتا ہے، ثنا عسکری
اپ ڈیٹ 11 مارچ 2026 01:24pm

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ثنا عسکری نےاپنی زندگی کا وہ پراسرار واقعہ شیئر کیا ہے، جس نے مداحوں کو حیران کردیا۔

ثنا عسکری نےحال ہی میں ایک نجی چینل کے رمضان اسپیشل پروگرام میں شرکت کی اوراپنے شوہر اور گھر کے دلچسپ تجربات کے بارے میں کھل کر گفتگو کی۔

اداکارہ کے مطابق ان کے شوہر، منہاج علی عسکری، خوفناک کہانیاں بنانے اور سنانے کے شوقین ہیں اور اسی مقصد کے لیے انہوں نے اپنے گھر میں ایک چھوٹا سا اسٹوڈیو قائم کر رکھا ہے جہاں وہ یوٹیوب کے لیے ہارر ویڈیوز تیار کرتے ہیں۔

ثنا عسکری نے بتایا کہ ان کا بیٹا بھی اب بڑا ہو رہا ہے اور اکثر اپنے والد کے کام میں دلچسپی لیتا ہے۔ کبھی کبھار والد اور بیٹے مل کر ماں کو ڈرانے کی کوشش کرتے ہیں، ان کا بیٹا اکثر آوازیں بدل بدل کر ڈراتا ہے جس سے گھر کا ماحول مزید ڈراونا ہو جاتا ہے۔

اداکارہ نے ایک واقعہ بھی سنایا کہ چند ماہ قبل جب وہ کچن میں کام کررہی تھیں توانہیں یوں محسوس ہوا جیسے کسی نے گھر کے اندر ان کے شوہر کی آواز میں انہیں پکارا، حالانکہ اس وقت ان کے شوہر کمرے میں سورہے تھے ۔ اور انہوں نے یہ بات اپنے بیٹے سے بھی کنفرم کی کہ یہاں منہاج نہیں آئے تھے۔

اس واقعے کے بعد انہوں نے شور مچایا کہ وہ خوفناک کہانیاں بنانے کا سلسلہ کم کریں اور اپنا کام اسٹوڈیو تک محدود رکھیں۔

مزاحیہ انداز میں ثنا عسکری نے کہا کہ لگتا ہے ان کے شوہر نے گھر کا ماحول ایسا بنا دیا ہے جو ’جنات کے لیے دوستانہ‘ ہو گیا ہے، جس کی وجہ سے گھر میں خوفناک کہانیاں سننا اور ڈرنے کے لمحات روزمرہ کا حصہ بن چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر آپ کسی کردار میں ڈوب کو کام کرتے ہیں تو وہ آپ کے اندر خودبخود آجاتا ہے اور میرے ساتھ ایسا کئی بار ہوچکا ہے۔