آپریشن غضب للحق سے متعلق تازہ اعداد و شمار جاری، طالبان کا مزید کتنا نقصان ہوا؟
پاک فوج کے افغانستان میں جاری آپریشن غضب للحق کے دوران اب تک افغان طالبان رجیم کے 663 کارندے ہلاک اور 887 زخمی ہیں جب کہ 249 افغان چیک پوسٹیں تباہ کردی گئی ہیں اور 44 پر قبضہ کیا جاچکا ہے۔
افغانستان سے دہشت گردی اور بلا اشتعال جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے آپریشن غضب للحق کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔
جمعے کے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں وفاقی وزیراطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے آپریشن غضب للحق کے دوران افغان طالبان کے خلاف کی جانے والی جوابی کارروائیوں کے اعداد و شمارجاری کیے ہیں۔
عطا تارڑ کے مطابق پاکستان نے 12 اور 13 مارچ 2026 کی درمیانی شب افغانستان میں دہشت گردوں کے خلاف بڑے آپریشن ‘غضب الحق’ کے تحت کارروائی کی، جس میں 663 شدت پسند ہلاک اور 887 سے زائد زخمی ہوئے۔
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ آپریشن کے دوران افغان طالبان رجیم کی 249 چیک پوسٹیں تباہ کر دی گئی ہیں اور پاکستان سیکیورٹی فورسز نے 44 افغان پوسٹوں پر قبضے کے بعد انہیں بھی مسمار کردیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ آپریشن کے دوران اب تک افغان طالبان رجیم کے 224 ٹینکس، بکتر بند گاڑیاں اور آرٹلری گنز (توپیں) تباہ کی جاچکی ہیں، افغانستان کے اندر دہشت گردوں اور ان کے معاون ڈھانچے کے 70 مقامات کو فضائی کارروائیوں میں مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا ہے۔
خیال رہے کہ جمعرات 26 فروری کی رات پاک افغان سرحد پر افغان طالبان کی جانب سے بلا اشتعال جارحیت کے جواب میں پاکستان کی مسلح افواج کا آپریشن غضب للحق جاری ہے۔
پاک فوج نے افغانستان کی حدود کے اندر مختلف مقامات پر جوابی کارروائیاں کیں اور کابل، قندھار اور پکتیا سمیت دیگر مقامات پر موجود عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا اور کئی چیک پوسٹیں تباہ کیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان کو بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے، افغان طالبان کو بھاری جانی و مالی نقصان کی اطلاعات ہیں۔
دوسری جانب آپریشن غضب للحق کے دوران پاک افواج کے افغانستان میں کامیاب فضائی حملوں کی ویڈیو جاری کردی گئی، ان حملوں میں پاک افواج نے کابل میں 313 کور کے ایمونیشن ڈمپ کو بھی موثر انداز میں تباہ کیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس ایمونیشن ڈمپ سے افغان طالبان سمیت دہشت گرد تنظیمیں اسلحہ و بارود استعمال کر رہی تھی، جاری ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پاک افواج کی جانب سے صرف ایمونیشن ڈمپ کو نشانہ بنا کر تباہ کیا گیا۔
ویڈیو افغان اور بھارتی میڈیا کے اس پروپیگنڈے کو رد کرتی ہے کہ پاک فوج کی جانب سے افغانستان میں سول آبادی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، آپریشن غضب للحق کے تحت کارروائیاں اہداف کے حصول تک جاری رہیں گی۔














