گلوکار حسن جہانگیر کا پہلی بار زندگی کے سب سے بڑے دکھ کا انکشاف
پاکستان کے معروف پاپ گلوکارحسن جہانگیر نے حال ہی میں اپنی ذاتی زندگی کے ایک بڑے سانحے کے بارے میں کھل کر بات کی۔
80 کی دہائی سے موسیقی کی دنیا میں سرگرم رہنے والے حسن جہانگیر آج بھی اپنی منفرد انداز، جاندار شخصیت اور دلکش مسکراہٹ کی وجہ سے مداحوں میں بےحد مقبول ہیں۔
حال ہی میں وہ نجی چینل کی رمضان ٹرانسمیشن میں بطور مہمان شریک ہوئے جہاں انہوں نے اپنی نجی زندگی سے متعلق پہلی بار اہم باتیں شیئر کیں۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی بیوی کا انتقال تقریباً 27 سے 28 سال قبل ہو گیا تھا، جب ان کی بیٹی بہت چھوٹی تھی۔ اس کے بعد انہوں نے اپنی بیٹی کی خاطر شادی نہیں کی اور پوری توجہ اس کی پرورش اور تعلیم پر لگادی۔
حسن جہانگیر نے یہ بھی بتایا کہ ان کی بیٹی پیشے کے اعتبار سے ڈاکٹر ہے ۔ ان کی شادی ہوچکی ہے اور وہ سوئیڈن میں مقیم ہیں۔

گلوکار کا کہنا تھا کہ اس مشکل وقت میں ان کی والدہ اور بہنوں نے ان کا بھرپور ساتھ دیا اور بیٹی کوسنبھالا۔ اب ان کی بیٹی چاہتی ہے کہ وہ دوبارہ شادی کریں تاکہ وہ تنہائی محسوس نہ کریں۔
حسن جہانگیر نے مزید کہا کہ اگر ان کا دوبارہ شادی کا ارادہ ہوا تووہ اپنی ہم عمر خاتون سے شادی کریں گے جو انہیں سمجھ سکے۔
یاد رہے کہ موسیقی کے میدان میں حسن جہانگیر کی سب سے بڑی پہچان ان کا مشہور گانا ہوا ہوا ہے۔ 80 کی دہائی میں ریلیز ہونے والا یہ گانا پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارت اور دیگر ممالک میں بھی بے حد مقبول ہوا اس گانے کی دلکش دھن، منفرد انداز اور جاندار پرفارمنس نے حسن جہانگیر کو عالمی سطح پر شہرت دلائی اور آج بھی یہ گانا ہر نسل کے لوگوں کی زبان پر ہے۔
















