بنگلہ دیش کے خلاف متنازع رن آؤٹ ہونے پر سلمان آغا کا ردعمل آگیا

کھلاڑیوں میں گرما گرمی: بنگلہ دیشی ٹیم کی اس حرکت کو اسپورٹس مین اسپرٹ کے خلاف قرار دیا گیا۔
اپ ڈیٹ 14 مارچ 2026 12:02pm

پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین سلمان علی آغا نے بنگلادیش کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں اپنے متنازع رن آؤٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ مخالف کھلاڑی کی جگہ ہوتے تو بالکل مختلف فیصلہ دیتے۔

ڈھاکا کے شیر بنگلا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے دوران بنگلا دیش کے کپتان مہدی حسن میراز نے سلمان آغا کو نان اسٹرائیکر اینڈ پر رن آؤٹ کیا تھا، جس پر پاکستانی بیٹر نے میدان سے جاتے ہوئے شدید غصے کا اظہار کیا۔

یہ واقعہ پاکستان کی اننگز کے 39 ویں اوور میں پیش آیا جب وہ نان اسٹرائیکر اینڈ پر موجود تھے۔

میچ کے دوران پاکستانی کپتان محمد رضوان نے گیند کو دفاعی انداز میں کھیلتے ہوئے سیدھا بولر کی جانب دھکیل دیا۔ اس دوران گیند ہلکے سے نان اسٹرائیکر اینڈ پر موجود سلمان علی آغا سے ٹکرا گئی جب کہ بنگلہ دیش کے بولر مہدی حسن مرزا بھی ان سے ٹکرا گئے۔

واقعے کے بعد سلمان علی آغا اپنی کریز سے باہر تھے اور جھک کر گیند اٹھا کر بولر کو واپس دینے کی کوشش کر رہے تھے تاہم مہدی حسن مرزا نے ان سے پہلے گیند اٹھائی اور وکٹ پر مار کر انہیں رن آؤٹ کردیا۔

اس واقعے پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں میں گرما گرمی دیکھنے کو ملی اور بنگلہ دیشی ٹیم کی اس حرکت کو اسپورٹس مین اسپرٹ کے منافی قرار دیا گیا۔

اس واقعے کے بعد سابق پاکستانی کرکٹرز رمیز راجا اور حمد حفیظ نے بھی مہدی حسن کی اس حرکت کو اسپورٹس مین اسپرٹ کے منافی قرار دیا اور سوشل میڈیا پر انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

میچ کے بعد پریس کانفرنس میں سلمان آغا نے کہا کہ قانون کے مطابق رن آؤٹ درست تھا لیکن ان کے خیال میں اس موقع پر اسپورٹس مین اسپرٹ کو ترجیح دینی چاہیے تھی۔

انہوں نے بتایا کہ انہیں لگا گیند بیٹ اور پیڈ سے لگنے کے بعد ڈیڈ ہو چکی تھی، اسی لیے وہ گیند واپس بولر کو دینے کی کوشش کر رہے تھے۔

میچ کے حوالے سے یاد رہے کہ گزشتہ روز بنگلا دیش نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان نے مقررہ 47.3 اوورز میں 274 رنز بنائے۔ ہدف کے تعاقب میں بنگلا دیش کی بیٹنگ بارش کی وجہ سے روک دی گئی۔ بارش کے بعد کھیل دوبارہ شروع ہوا تو بنگلا دیش کو 32 اوورز میں 243 رنز کا ہدف ملا، لیکن پوری ٹیم صرف 114 رنز بنا سکی اور پاکستان 128 رنز سے جیت گیا۔

تین میچوں کی اس ون ڈے سیریز ایک ایک سے برابر ہو گئی ہے اور فیصلہ کن میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔