ایران جنگ: ملک بھر کے ائیرپورٹس سے مزید 90 پروازیں منسوخ
مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے باعث پاکستان میں فلائٹ آپریشن تاحال معمول پر نہ آ سکا، جس کے نتیجے میں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت ملک بھر کے ایئرپورٹس سے مزید 90 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق لاہور سے ایران، عراق، متحدہ عرب امارات، بحرین، کویت اور قطر جانے اور وہاں سے آنے والی متعدد پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں کشیدہ صورتحال اور جنگی حالات کے باعث گزشتہ 17 روز سے پاکستان کے تمام ایئرپورٹس سے پروازوں کی آمد و رفت کا نظام شدید متاثر ہے۔
اس دوران اب تک مجموعی طور پر 1955 پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں۔
ایئرپورٹ حکام کے مطابق خطے میں غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر ایک درجن سے زائد ملکی اور غیر ملکی ایئرلائنز نے مشرقِ وسطیٰ اور دیگر ممالک کے لیے اپنی پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ خطے میں جاری جنگ اور فضائی حدود کی بندش کے باعث فلائٹ آپریشن مکمل طور پر بحال نہیں ہو سکا، جس کے سبب مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
















