اعلیٰ قیادت پر اسرائیلی حملے ایران کے مضبوط سیاسی نظام کو نہیں ہلا سکتے: عباس عراقچی
ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل ابھی تک یہ نہیں سمجھ پائے کہ ایران کی طاقت شخصیات پر منحصر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کا سیاسی نظام بہت مضبوط ہے، کسی فرد کی موجودگی یا غیر موجودگی سے یہ نظام متاثر نہیں ہوگا۔
عرب نشریاتی ادارے الجزیرہ کو انٹرویو میں ایرانی وزیرخارجہ نے کہا کہ ایران کے سیاسی نظام میں ہر شخص کا اپنا کردار ہے، کچھ شخصیات کا کردار زیادہ اہم اور کچھ کا کم اہم ہے لیکن اصل بات یہ ہے کہ ایران کا سیاسی نظام بہت مضبوط ہے۔
انہوں نے 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کے حملوں میں آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس بڑے نقصان کے باوجود ایران کا نظام متاثر نہیں ہوا اور فوراً متبادل قیادت نے انتظامات سنبھال لیے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ حیرت ہے کہ امریکا اور اسرائیل کے رہنما ابھی تک اس حقیقت کو سمجھ نہیں پائے کہ ایران کا سیاسی نظام انتہائی مضبوط اور پائیدار ہے، جسے کوئی بھی دشمن ہلا نہیں سکتا۔
واضح رہے کہ اسرائیلی فوج نے منگل کے روز فضائی حملوں میں ایران کے سیکیورٹی چیف علی لاریجانی اور بسیج فورس کے سربراہ غلام رضا سلیمانی کی شہادت کا دعویٰ کیا تھا، جس کی ایرانی حکام نے بھی تصدیق کر دی ہے۔
بدھ کے روز اسرائیلی فوج نے ایران کے وزیرِ انٹیلی جنس اسماعیل خطیب کی شہادت کا بھی دعویٰ کیا ہے، جس کی ایرانی حکام نے تاحال تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔
عباس عراقچی نے انٹرویو میں مزید کہا کہ اعلیٰ شخصیات کی شہادتوں کے باوجود ایران کا نظام اسی طرح مضبوطی سے چلتا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ جنگ ہم نے نہیں امریکا نے شروع کی اور اب چاہے وہ ایران کے لیے ہوں، خطے کے لیے ہوں یا پوری دنیا کے لیے ہوں، ہر قسم کے نتائج کے ذمہ دار بھی وہی ہیں۔












