چاند نظر نہیں آیا، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات میں عید الفطر جمعہ 20 مارچ ہوگی

رمضان المبارک 30 دن مکمل ہوگا، کل آخری روزہ ہوگا
اپ ڈیٹ 18 مارچ 2026 08:56pm

سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ترکیہ اور سنگاپور سمیت کئی ممالک میں شوال 1447 ہجری کا چاند نظر نہ آنے کے بعد عیدالفطر جمعہ 20 مارچ 2026 کو منانے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ترکیہ اور سنگاپور سمیت متعدد ممالک میں شوال المکرم 1447 ہجری کا چاند نظر نہیں آیا، جس کے بعد ان ممالک میں عیدالفطر جمعہ 20 مارچ 2026 کو مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جائے گی۔

سعودی حکام کے مطابق بدھ کی شام چاند دیکھنے کے لیے اجلاس منعقد کیا گیا، تاہم ملک کے کسی بھی حصے سے چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بعض علاقوں میں غبار اور بادلوں کے باعث چاند کی رویت میں مشکلات پیش آئیں۔

متحدہ عرب امارات کی رویت ہلال کمیٹی نے بھی چاند نظر نہ آنے کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمعرات کو رمضان المبارک کا 30 واں روزہ ہوگا جبکہ عیدالفطر جمعہ کو منائی جائے گی۔

دوسری جانب ترکیہ میں فلکیاتی حسابات کی بنیاد پر پہلے ہی عیدالفطر کے لیے جمعہ 20 مارچ کی تاریخ مقرر کی جا چکی تھی۔

اسی طرح سنگاپور کی اسلامی مذہبی مجلس نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہاں رمضان المبارک کے 30 روزے مکمل کیے جائیں گے اور یکم شوال بروز جمعہ عیدالفطر منائی جائے گی۔