کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش، درخت، چھتیں اور کھمبے گرگئے

آندھی، کئی علاقوں میں بجلی بند، ٹریفک متاثر
اپ ڈیٹ 18 مارچ 2026 10:23pm

کراچی میں اچانک موسم کی شدت نے شہریوں کو پریشان کر دیا، تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کے باعث متعدد علاقوں میں درخت گر گئے، بجلی معطل ہو گئی جبکہ ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں اچانک موسم تبدیل ہونے کے بعد تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہوا، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر لی۔ گرومندر، صدر، آئی آئی چندریگر روڈ، گلشنِ اقبال، بہادرآباد، طارق روڈ اور شاہراہِ فیصل پر موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی۔

سچل گوٹھ، صفورہ اور یونیورسٹی روڈ سمیت نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، لیاقت آباد اور سرجانی میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش جاری رہی۔ ڈیفنس، کلفٹن، کینٹ، ایئرپورٹ، ریلوے کالونی اور دہلی کالونی میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔

تیز ہواؤں کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں درخت اور سائن بورڈ گر گئے۔ بزنس ریکارڈر کے قریب درخت گرنے جبکہ کھارادر میں ایک عمارت کی چھت گرنے کی اطلاع ملی ہے۔ لیاری میں بجلی کے کھمبے اور تاریں گرنے کی بھی اطلاعات ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شارع فیصل پر ہواؤں کی رفتار 90 جبکہ ماڑی پور میں 97 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔

محکہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ مزید ایک گھنٹے تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جاری رہ سکتی ہے، جس کے بعد ہوا کی رفتار میں کمی آنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب بارش کے ساتھ ہی شہر کے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

سڑکوں پر پانی جمع ہونے اور تیز ہواؤں کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور کئی مقامات پر گاڑیوں کی رفتار سست پڑ گئی۔

انتظامیہ نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔