کم جونگ اُن کی 13 سالہ بیٹی پہلی بار ٹینک چلاتے منظرِ عام پر آ گئیں

مبصرین اسے مستقبل کی قیادت کے لیے تیاری قرار دے رہے ہیں۔
شائع 20 مارچ 2026 09:25am

شمالی کوریا کے رہنما کی کم عمر بیٹی نے فوجی مشق کے دوران ٹینک چلایا، جس سے قیادت کی منتقلی سے متعلق قیاس آرائیاں بڑھ گئیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن کی کم عمر بیٹی کم جو اے پہلی بار منظرِعام پر فوجی ٹینک چلاتی ہوئی دکھائی دی، جس کے بعد ماہرین نے انہیں ممکنہ جانشین قرار دینے سے متعلق قیاس آرائیاں تیز کر دی ہیں۔

سرکاری خبر رساں ادارے کی جانب سے جاری تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کم جو اے ٹینک کے ڈرائیور کی جگہ پر بیٹھی ہیں جبکہ ان کے والد پیچھے کھڑے مسکراتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔

یہ مناظر دارالحکومت پیانگ یانگ کے ایک فوجی تربیتی مرکز میں ہونے والی نئی قسم کے ٹینک کی مشق کے دوران سامنے آئے۔

اطلاعات کے مطابق کم جو اے کی عمر تقریباً 13 برس ہے اور وہ گزشتہ کچھ مہینوں سے اپنے والد کے ساتھ مختلف سرکاری تقریبات میں باقاعدگی سے نظر آ رہی ہیں، جسے مبصرین مستقبل کی قیادت کے لیے تیاری قرار دے رہے ہیں۔

تصاویر میں کم جو اے کو ٹینک کے اندر سے باہر دیکھتے ہوئے پوری توجہ کے ساتھ ڈرائیونگ کرتے دکھایا گیا ہے، جب کہ ان کے ساتھ فوجی افسران بھی موجود تھے۔

یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے شمالی کوریا نے ایک ہفتے کے دوران دوسری بار کروز میزائلوں کا بڑا تجربہ جس کا مشاہدہ کم جو اے نے اپنے والد کے ساتھ کیا۔

کم جو اے پہلی مرتبہ 2022 میں اپنے والد کے ساتھ بین البراعظمی میزائل تجربے کے دوران منظرِ عام پر آئیں۔ بعد ازاں وہ متعدد فوجی پریڈز، فیکٹریوں کے دوروں اور سرکاری تقریبات میں شریک ہوتی رہیں۔

2025 میں وہ اپنے والد کے ساتھ چین کے دورے پر بھی گئیں، جو ان کی پہلی بین الاقوامی شرکت تھی۔ 2026 کے آغاز میں انہوں نے ریاستی مقبرے کُمسوسان پیلس آف دی سن کا سرکاری دورہ کیا، جسے علامتی طور پر خاندانی وراثت کی تسلسل کی علامت سمجھا گیا۔