اڈیالہ جیل کے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ سمیت 4 ملازمین 90 روز کے لیے معطل
فرائض میں غفلت اور بدعنوانی کے الزامات پر اڈیالہ جیل کے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ سمیت 4 ملازمین کو 90 روز کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق معطل ملازمین میں اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ عمران شہزاد، سہیل احمد، شفقت نوید اور اطہرسعید شامل ہیں۔ ملازمین کو ڈی جی مانیٹرنگ ہوم ڈیپارٹمنٹ کے اطہر سعید کے دورہ کے دوران نقدی برآمد ہونے پر معطل کیا گیا ہے۔
ڈی جی مانیٹرنگ ہوم ڈیپارٹمنٹ کے ویٹنگ شیڈ دورے پر وارڈر سہیل احمد کی جرابوں سے 18 ہزار 220 روپے برآمد ہوئے تھے، یہ رقم نقدی مبینہ طور پر جیل آنے والے ملاقاتیوں سے وصول کی گئی تھی جب کہ دوسرے وارڈر شفقت نوید کو غیر قانونی سرگرمی کو روکنے میں ناکامی پر معطل کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ عمران شہزاد کو بطور انچارج ماتحت عملے کی غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے میں ناکامی پر معطل کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ معطل ملازمین کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ایک ہفتے میں جواب طلب کر لیا گیا ہے جب کہ تسلی بخش جواب نہ دینے پر معطل ملازمین کو پیڈا ایکٹ کے تحت جرمانہ یا ملازمت برطرفی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
تمام معطل ملازمین کو ذاتی حیثیت میں 25 مارچ کو طلب کیا گیا ہے، جہاں ان سے الزامات سے متعلق وضاحت طلب کی جائے گی۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ اہلکاروں کے خلاف فرائض میں غفلت اور کرپشن سے متعلق شکایات سامنے آئی تھیں، جن کی بنیاد پر یہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔















