امریکا اور اسرائیل کے ایران میں ٹی وی اور ریڈیو تنصیبات پر حملے، ایک شخص جاں بحق
امریکا اور اسرائیل کے ایران میں ٹی وی اور ریڈیو تنصیبات پر حملے میں ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔
عرب میڈیا الجزیرہ کے مطابق امریکا اور اسرائیل نے دارالحکومت تہران کے مختلف علاقوں پر فضائی حملے کیے، جس کے نتیجے میں شہر کے کئی حصوں میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایرانی دفاعی نظام فعال ہے اور صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق پیروزی اسٹریٹ، گرمدرہ، شہید بابائی ہائی وے اور خیابان حافظ سمیت کئی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا، تاہم ان حملوں میں جانی و مالی نقصان کی فوری طور پر کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔
اس کے علاوہ تہران کے نواحی علاقوں سرخہ اور کرج کے ساتھ ساتھ جنوبی ایران کے شہر بوشہر میں بھی فضائی حملے کیے گئے ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق امریکی اور اسرائیلی افواج نے بندر عباس میں خلیج فارس ریڈیو اور ٹیلی ویژن سینٹر کے 100 کلوواٹ اے ایم ٹرانسمیٹر کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔
دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے دعویٰ کیا ہے کہ ان حملوں کے دوران قم میں واقع ایک ٹربائن انجن پلانٹ کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ سینٹ کام کے مطابق یہ پلانٹ ڈرونز اور طیاروں کے لیے گیس ٹربائن انجن تیار کرتا تھا، جو ایرانی پاسداران انقلاب کے زیر استعمال تھے۔
ادھر ایرانی ہلال احمر کے سربراہ نے بتایا ہے کہ 28 فروری سے جاری حملوں کے نتیجے میں اب تک 81 ہزار سے زائد سویلین یونٹس کو نقصان پہنچ چکا ہے۔













