نیویارک ایئرپورٹ پر ایئر کینیڈا کا مسافر طیارہ اور ٹرک کی ٹکر، 2 پائلٹ ہلاک

لاگارڈیا ایئرپورٹ پر حادثے کے بعد تمام پروازیں معطل، متعدد مسافر زخمی
اپ ڈیٹ 23 مارچ 2026 03:47pm

امریکا کے شہر نیویارک کے لاگارڈیا ایئرپورٹ پر ایک مسافر طیارہ رن وے پر فائر ٹرک سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں پائلٹ اور معاون پائلٹ ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے، حکام نے ایئرپورٹ عارضی طور پر بند کر دیا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اتوار کی رات نیویارک کے لاگارڈیا ایئرپورٹ پر ایک طیارہ رن وے پر موجود فائر فائٹنگ گاڑی سے ٹکرا گیا، جس کے باعث سنگین حادثہ پیش آیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں پائلٹ اور معاون پائلٹ ہلاک ہوگئے، جبکہ دیگر مسافروں اور عملے کے افراد زخمی ہوئے ہیں۔ مجموعی طور پر 41 افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا، جن میں سے 32 کو طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا ہے، جبکہ بعض کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

پورٹ اتھارٹی کے مطابق حادثے کے بعد لاگارڈیا ایئرپورٹ پر تمام پروازیں معطل کر دی گئیں اور ایئرپورٹ کو کم از کم دوپہر 2 بجے تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ مکمل تحقیقات کی جا سکیں۔

رپورٹ کے مطابق متاثرہ طیارہ ایئر کینیڈا ایکسپریس کا تھا، جو مونٹریال سے نیویارک پہنچا تھا۔ لینڈنگ کے بعد رن وے پر چلتے ہوئے طیارہ ایک فائر ٹرک سے ٹکرا گیا، جو کسی دوسرے ہنگامی واقعے کی جانب جا رہا تھا۔

حادثے کے نتیجے میں طیارے کا کاک پٹ بری طرح تباہ ہوگیا اور طیارہ رن وے پر پچھلے حصے کی طرف جھک گیا، جبکہ امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔

حکام کے مطابق پرواز میں 76 افراد سوار تھے جن میں 4 عملے کے ارکان بھی شامل تھے۔ نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ نے واقعے کی تحقیقات کے لیے ٹیم روانہ کر دی ہے۔

مزید برآں، دو فائر فائٹنگ اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں جن کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

ایمرجنسی حکام نے شہریوں کو ایئرپورٹ کے اطراف ٹریفک جام اور سڑکوں کی بندش کے باعث متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ لاگارڈیا ایئرپورٹ نیویارک کا تیسرا مصروف ترین ایئرپورٹ ہے، جہاں حالیہ دنوں میں خراب موسم اور دیگر انتظامی مسائل کے باعث پروازوں میں تاخیر اور منسوخی کا سامنا بھی رہا ہے۔