وزیراعظم کا ایرانی صدر سے رابطہ، عیدالفطر اور نوروز کی مبارکباد

ایرانی صدر نے بھی ان جذبات کا پرتپاک انداز میں جواب دیا اور پاکستانی عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا
شائع 23 مارچ 2026 05:18pm

وزیراعظم نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفونک گفتگو میں عیدالفطر اور نوروز کی مبارکباد دی، جبکہ موجودہ کشیدہ حالات کے تناظر میں ایرانی عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے خطے میں امن کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراعظم نے ایرانی صدر اور برادر عوامِ ایران کو عیدالفطر اور نوروز کی دلی مبارکباد پیش کی۔

ایرانی صدر نے بھی ان جذبات کا پرتپاک انداز میں جواب دیتے ہوئے پاکستانی عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

گفتگو کے دوران وزیراعظم نے بطور ہمسایہ اور برادر ملک جاری کشیدگی کے تناظر میں بہادر ایرانی عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

انہوں نے حالیہ واقعات میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں اور متاثرین کی جلد صحتیابی اور سلامتی کے لیے دعا کی۔

وزیراعظم نے خلیجی خطے میں جاری خطرناک صورتحال پر اپنی گہری تشویش کا بھی اظہار کیا اور کہا کہ موجودہ حالات میں کشیدگی میں کمی نہایت ضروری ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام ہمسایہ ممالک کو فوری طور پر مذاکرات اور سفارتکاری کی طرف واپس آنا چاہیے تاکہ اختلافات کو پرامن طریقے سے حل کیا جا سکے۔

وزیراعظم نے امتِ مسلمہ کے درمیان اتحاد اور یکجہتی کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا اور کہا کہ موجودہ حالات میں مسلم دنیا کو باہمی اتحاد کی اشد ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے ایرانی قیادت کو پاکستان کی سفارتی کوششوں سے آگاہ کرتے ہوئے یقین دلایا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے اپنا مثبت اور تعمیری کردار جاری رکھے گا۔