کراچی: تین ہٹی کے قریب گھر میں گیس لیکیج سے دھماکا، 10 افراد زخمی
کراچی کی پی آئی بی کالونی میں تین ہٹی پل کے قریب نفیس آباد کے ایک گھر میں آج صبح گیس لیکیج کے باعث زور دار دھماکے سے بچوں اور خواتین سمیت 10 افراد زخمی ہوگئے جبکہ متعدد گھروں کو شدید نقصان پہنچا۔
رپورٹس کے مطابق دھماکا اس قدر شدید تھا کہ تقریباً 45 سے 50 گز کے فاصلے پر قائم عمارت بھی بری طرح متاثر ہوئی۔ عمارت کی تیسری منزل کی ایک دیوار گلی میں لٹک گئی، جبکہ دروازے، لوہے کی گرِل اور پانی کی ٹنکی بھی تباہ ہو گئی۔ دھماکے کے باعث اطراف میں ملبہ پھیل گیا اور کئی گھروں کی دیواریں اور چھتیں متاثر ہوئیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی شدت سے عمارت کی دیواریں ٹوٹ کر قریبی گھروں پر جا گریں، جس کے نتیجے میں 10 افراد زخمی ہوئے جبکہ پانچ سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
علاقہ مکینوں کے مطابق دھماکے کی آواز صبح تقریباً ساڑھے دس بجے سنی گئی۔ مکینوں نے بتایا کہ دھماکا اتنا شدید تھا کہ ہر طرف دھواں اور گرد و غبار پھیل گیا اور یوں محسوس ہوا جیسے زلزلہ آ گیا ہو۔ ایک گھر کی چھت گرنے سے میاں بیوی بھی زخمی ہو گئے۔
ایس ایچ او پی آئی بی کالونی رانا اجمل کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ دھماکا گھر میں گیس بھر جانے کے باعث ہوا، تاہم خوش قسمتی سے گھر میں موجود گیس سلنڈر محفوظ رہا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے کے بعد تمام زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ایک شخص کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جبکہ دیگر زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ پتلی گلیوں اور دشوار گزار راستوں کے باعث امدادی ٹیموں کو کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ متاثرہ عمارتوں کا جائزہ لے کر حفاظتی اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔
















